پاکستان اور چین کے تعلقات معاشی‘ سیاسی جہتوں سے بہت آگے: فواد چودھری
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات سیاسی اور معاشی جہتوں سے کہیں آگے ہیں، پاکستان اور چین نہ صرف سفارتی طور پر ایک دوسرے کے قریب ہیں بلکہ ہمارے تعلقات سیاسی اور معاشی جہتوں سے کہیں آگے ہیں، 1950ء میں پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی تعاون سے ہمارے تعلقات کا آغاز ہوا تھا، 1966ء میں یہ اسٹریٹجک تعلقات میں تبدیل ہوئے جبکہ 1972ء میں معاشی تعلقات میں بدلے، اب پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کا انتہائی جامع فریم ورک موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ پر اپنے ایک بیان میں کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے سے محبت اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات پر فخر ہے پاکستان کے عوام سمجھتے ہیں کہ چین نے ہر مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا۔ سی پیک کا شاندار منصوبہ ایک دوسرے کے معاشی استحکام کی بنیاد اور اس علاقے کے لئے ایک گیم چینجر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کے ون بیلٹ ون روڈ انی شیٹو وڑن نے پاکستان کو بہت فائدہ دیا ہے۔دریں اثناء فواد چودھری نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان نے فلسطینیوں پر مظالم کے تدارک میں اہم کردار ادا کیا۔ اقوام متحدہ اور جنرل اسمبلی اجلاس میں پاکستان نے مضبوط مؤقف اختیار کیا۔ پاکستان نے فلسطین کے معاملے پر دوست ممالک کی حمایت حاصل کی اور فلسطینیوں کی حالت زار پر مسلم امہ کے حقیقی جذبات کا اظہار کیا۔