• news

شاہ محمود کا بیان‘ امریکی اینکر سیخ پا‘ اشتعال انگیز نہیں کہا جا سکتا: دفتر خارجہ 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) دفتر خارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے متعلق امریکی ٹی وی کے انٹرویو پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ کے انٹرویو کو غلط تاثر دیا گیا۔ ان کے بیان کو کسی طرح بھی اشتعال انگیز نہیں کہا جاسکتا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا ویسا ہی تھا جس کی وزیرخارجہ نے نشاندہی کی تھی۔ ترجمان کے مطابق ہر ایک کو آزادی اظہار رائے کے حق کا یکساں احترام کرنا چاہیے۔ خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیا ہے جس میں اسرائیل کے میڈیا سے تعلق پر بات کی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم سے متعلق سخت موقف اپنانے پر امریکی اینکر سیخ پا ہوگئیں۔ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز اقوم متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسرائیلی کی نہتے فلسطینیوں پر بمباری کے خلاف نہ صرف بھرپور آواز اٹھائی بلکہ اسرائیل کو جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے محاسبہ کا مطالبہ کیا۔ وزیر خارجہ کی اقوام متحدہ میں کی گئی تقریر اسرائیلی مظالم پر خاموش امریکی میڈیا کو ایک آنکھ نہ بھائی اور سی این این کی اینکر نے شاہ محمود پر یہود مخالف ہونے کا الزام عائد کردیا۔ ایک انٹرویو میں سی این این کی اینکر بیانہ گولوڈ ریگا نے وزیر خارجہ سے سیز فائر سے متعلق سوال کیا کہ جس پر شاہ محمود نے دو ٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی مظالم پر عوامی رائے بدل رہی ہے اور عوامی دباؤ بڑھ رہا ہے لہذا اب اسرائیل کے لیے سیز فائر کرنا ناگزیر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن