• news

تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے پر عزم،پاکستان اور چینی صدر کے خطوط

اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار) پاکستانی صدر ڈاکٹر عارف علوی اور چین کے صدر شی جن پنگ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ذریعے اعلیٰ معیار کی ترقی حاصل کی جائے گی۔ اس عزم کا اظہار دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد کے خطوط کے تبادلے کے دوران کیا۔ اپنے خط میں چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور پاکستان سدا بہار تذویراتی شراکت دار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں بنیادی مفادات اور سنجیدہ نوعیت کے مسائل پر ایک دوسرے کے ساتھ مضبوط سے کھڑے رہے ہیں۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ دونوں ملک اچھے اور برے وقت کے دوست ہیں۔ مشکلات کے باوجود دونوں ممالک نے اپنے مقاصد کے حصول کے لئے بھاری قربانیاں دی ہیں۔ پاک چین دوستی علاقے کے امن کی ضمانت ہے۔ دریں اثناء  صدر مملکت نے پاک چین سفارتی تعلقات کی 70  ویں سالگرہ  پر  ورچوئل  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کی سائنسی ترقی اور غربت کا خاتمہ پاکستان کیلئے قابل تقلید ہے۔ وقت کے ساتھ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو نئی جہت ملی۔ دریں اثناء ایک انٹرویو میں سالگرہ کے حوالے سے  پاکستان میں تعینات چین کے سفیر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان دوستی نیک نیتی، اخلاقیات اور  شفقت پر مبنی ہے۔  پاک چین  دوستی کو پاکستان میں تمام  لوگوں کی پائیدار اور وسیع حمایت حاصل ہے۔ پاکستان چین کا واحد اور صرف  سدا بہار باہمی  اہم شراکت دار  ہے۔ چین اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ پورے خلوص کے ساتھ  کام کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تبادلے نسل در نسل چلتے آ رہے ہیں۔ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو چین پاکستان تعاون کے لیے  تاریخی مواقع  لایا ہے۔ چینی سفیر نونگ رونگ نے  کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعاون کے  وسیع امکانات  ہیں اور ہمارے تعلقات انسانیت  کے  مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک معاشرے کی تعمیر کے لئے ایک نئی مثال قائم کریں گے۔ سفیر  نونگ رونگ نے ایک نظم  کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا  کہ  کسی اچھے دوست سے پہلی بار ملاقات کرنا ایسے ہی ہے جیسے کسی پرانے دوست سے دوبارہ  ملاقات  ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ   پاکستان  کے دارالحکومت اسلام آباد کی آب و ہوا میرے  آبائی صوبے   گوانگسی   کی طرح مرطوب ہے جس سے میں لطف اٹھا رہا ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن