فلسطینیوں سے یکتجی،پورا پاکستان ایک:حماس کا جشن فتح
راولپنڈی‘لاہور‘ اسلام آباد (نیوز رپورٹر‘ خصوصی نامہ نگارخصوصی رپورٹر ‘ نامہ نگار‘ اپنے سٹاف رپورٹر سے) فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سارا پاکستان ایک ہوگیا۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں تحریک انصاف‘ مسلم لیگ (ن)‘ جماعت اسلامی‘ عوامی تحریک و دیگر جماعتوں کے زیر اہتمام جلسے‘ جلوس‘ ریلیوں کا اہتمام کیا گیا۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں پر مظالم اور انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے۔ فلسطین کے عوام کی آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ آزاد فلسطینی ریاست قائم کئے بغیر پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ مسلم ممالک کو مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت پر یوم یکجہتی فلسطین کے سلسلے میں لال حویلی کے سامنے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بعد میں پارلیمانی سیکرٹری شیخ راشد شفیق کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ لاہور میں فلسطینی مسلمانوں سے یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالی گئیں۔ جس میں کثیر تعداد میں شہری شریک ہوئے دارالعلوم جامعہ نعیمیہ سے منسلک ملک بھر کے سات سو سے زائد مدارس اور مساجد میں مظلوم فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کیے گئے۔ مرکزی مظاہرہ لاہور پریس کلب کے سامنے جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب نعیمی کی قیادت میں کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب میں علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں۔ تمام مسلم ممالک کو اسرائیلی جارحیت کیخلاف جاندار اور ٹھوس مؤقف اپنانا چاہیے۔ مسلم حکمران مذمتی بیانات جاری کرنے کے بجائے اسرائیل کیخلاف عملی اقدامات کریں۔ مسلم حکمران اسرائیل کا معاشی، سفارتی بائیکاٹ کریں۔ جن مسلمان ممالک نے اسرائیل کے وجود کی تسلیم کیا ہے وہ فی الفور دستبرداری کا اعلان کریں۔ پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب کے باہر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کی 24 گھنٹے کے اندر خلاف ورزی کی اور مسجد اقصیٰ میں نماز کے لئے جمع فلسطینی مسلمانوں پر گرینیڈ پھینکے‘ معاہدے کے گارنٹر چپ کیوں ہیں‘ مسئلے کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد میں ہے۔ سکندر سنگھ خالصا‘ حافظ غلام فرید پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اﷲ صدیقی‘ اشتیاق حنیف مغل‘ سہیل احمد رضا‘ الطاف رندھاوا‘ ثاقب بھٹی‘ راشد چودھری‘ شفاقت علی مغل‘ عائشہ شبیر‘ حاجی فرخ‘ نورین علوی‘ فنیقہ ندیم نے بھی ریلی سے خطاب کیا۔ نور اﷲ صدیقی نے کہا کہ تشدد کے خاتمے کی بات تو کی جاتی ہے مگر عملدرآمد کوئی نہیں کرتا۔ جماعت اہلحدیث پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا۔ حافظ عبدالغفار روپڑی نے جامع القدس چوک دالگراں، پروفیسر عبدالمجید، حافظ عبدالوہاب روپڑی، مولانا شبیر صدیق، حافظ عبدالوحید شاہد روپڑی، مولانا شاہد محمود جانباز، مولانا محمد سلمان شاکر، مولانا محمد رفیق طاہر اور دیگر علماء نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کیا۔ درگاہ آستانہ عالیہ گڑھی شریف سے وابستگان نے سجادہ نشین خواجہ غلام قطب الدین فریدی کی قیادت میں ملک بھر میں مظاہرے کئے۔ لاہور میں خواجہ غلام قطب الدین قریدی کی قیادت میں شاہدرہ چوک اور لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ آستانہ عالیہ مانکی شریف کے زیر اہتمام فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پیر آف مانکی شریف پیرزادہ محمد امین نے کہا کہ اسرائیلی ظالم فوج کی مسلسل مسجد اقصی کی بے حرمتی کرنے اور فلسطینی مسلمانوں پر مظالم ڈھانے پر اقوام متحدہ، انسانیت کے علمبرداروں اور مسلم حکمرانوں کی خاموشی امت مسلمہ کیلئے باعث تشویش و لمحہ فکریہ ہے۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے لاہور چرچ میں مختلف مذاہب و مسالک کے قائدین کے ہمراہ یکجہتی فلسطین سیمینار سے خطاب کیا۔ اس موقع پر آرچ بشپ سبسٹن شائ، عرفان جمیل، حافظ زبیر احمد ظہیر ، مولانا رمضان سیالوی ، فادر جیمز چنن ، سردار بشن سنگھ ، ڈاکٹر منور چاند ، مولانا اسلم صدیقی ، مولانا اسلم قادری ، قاری شمس الحق ، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ پیر زبیرعابداور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کا وژن اور سوچ یہ ہے کہ ہم امت مسلمہ کو ایک کریں کیونکہ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت اور انجمن تاجران اچھرہ کے زیر اہتمام نہتے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے جامع مسجد مولانا احمد علی لاہوری اچھرہ سے اسرائیل مردہ باد ریلی نکالی گئی۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت لاہور کے جنرل سیکرٹری مولانا علیم الدین شاکر کی زیر صدارت مارچ میں علی انیس چودھری‘ مبلغ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت مولانا عبدالنعیم‘ چودھری قدیر احمد‘ میاں پیر رضوان نفیس‘ انجینئر حافظ نعیم الدین نے خصوصی شرکت کی۔ اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر کی قیادت میں ’’فلسطین کشمیر زندہ باد‘ اسرائیل بھارت مردہ باد‘‘ ریلی فردوس مارکیٹ سے لبرٹی چوک تک نکالی گئی۔ ریلی میں مرکزی سیکرٹری جنرل رانا محمد آصف ‘ میاں محمد اصغر‘ مولانا عبدالستار نیازی‘ قاری اکرام الہیٰ‘ مولانا محمد عبداﷲ اور اقلیتی رکن ڈاکٹر مرکزی فدا سمیت سینکڑوں کارکنان بھی شریک ہوئے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ اسرائیل پر کسی صورت اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔ سعودی عرب‘ پاکستان اور ایران سمیت تمام اسلامی ممالک متحد ہو کر اسرائیل کے ساتھ ساتھ دہشتگرد بھارت کو بھی منہ توڑ جواب دیں۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان، شاہراہ قائداعظمؒ لاہور کے احاطہ میں ’’یوم یکجہتی فلسطین‘‘ کے موقع پر فلسطینی بھائیوں اور بہنوںسے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ میں فاروق خان آزاد، راجہ شیر زمان خان ایڈووکیٹ، عبداللطیف چغتائی، بیگم صفیہ اسحاق، سعید احمد، ڈاکٹر غلام فرید، سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید، سیاسی و سماجی شخصیات ، نظریۂ پاکستان ٹرسٹ و تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے عہدیداران و کارکنان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔ مظاہرین نے اسرائیلی فوج کے ظلم وستم کی پرزور مذمت اور فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’ یوم یکجہتی فلسطین ۔اسلامی اخوت کا دن‘‘، ’’اسرائیل سے مقابلے کیلئے عالم اسلام متحد ہو‘‘، ’’ہم نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی پر زور مذمت کرتے ہیں‘‘ ، ’’رنگ لائے گا شہیدوں کا لہو‘‘ اور اسرائیلی فوج کے ظلم وستم کیخلاف اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے درج تھے۔ اس مظاہرے کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ جماعت اسلامی نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد میں خیبر پلازہ سے ڈی چوک ریلی نکالی۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اسلام آباد میں ریلی سے خطاب کرتے کہا ہے کہ اسرائیلی سازش کا بڑا سرغنہ امریکہ ہے۔ سلامتی کونسل نے کبھی بھی عالم اسلام کا ساتھ نہیں دیا۔ او آئی سی سے مطالبہ ہے جن ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کیا وہ اپنا فیصلہ واپس لیں۔چیئر مین مرکزی رؤیت ہلا ل کمیٹی اور خطیب وامام بادشاہی مسجدمولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر قیادت جمعۃ المبارک کے بعد بادشاہی مسجد لاہورمیںغیور فلسطینی مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا ‘جس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ظلم و بربریت دہشت گردی اور درندگی کی انتہا کر دی ہے‘عالمی برادری اسرائیلی دہشت گردی کو روکنے میںاپنا کلیدی کردار ادا کرے ‘اسرائیلی جارحیت پر خاموش رہنے وا لوں کا انجام عبرتناک ہوگا‘ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے اب وقت آگیا ہے کہ پوری دنیا متحد ہوکر اسرائیلی فوج کے مظالم کے خلاف میدان میں آئے۔ سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی کی اپیل پر لاہور‘ قصور‘ نارووال‘ فیصل آباد سمیت ملک بھر میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالیں گئیں اور مظاہرے کئے گئے اس موقع پر اسرائیلی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان بھی کیا گیا۔ اس موقع پر برمنگھم سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے جو نہتے اور مظلوم فلسطینیوں پر مظالم ڈھانے میں مصروف ہے جبکہ عالمی امن کے ٹھیکیدار اس نازک صورتحال میں خاموش بیٹھے ہوئے ہیں، ان کی خاموشی یقینا مجرمانہ فعل ہے، اس نازک صورتحال میں اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو فوری ایکشن لیتے ہوئے فلسطینیوں کی مدد کیلئے آگے آنا ہو گا۔ لندن سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے پیر سید عرفان شاہ مشہدی نے کہا کہ آج ہونے والا جنگ بندی کا اعلان کافی نہیں ہے، اسرائیل کو مکمل طور پر اس خطہ سے نکلنا ہو گا۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام ملک بھر میں یوم یکجہتی مظلومین فلسطین منایا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ مرکزی علماء کونسل پاکستان اور انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام بھی ملک بھر میں بعد از نماز جمعہ فلسطینیوں کے حق اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو جنگوں کی بجائے امن معاشی استحکام اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے اور انسانیت کو بچانے کی اشد ضرورت ہے۔ جمعیت علماء پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں مسجد اقصیٰ میں نہتے نمازیوں پر تشدد ،مسجد کی بے حرمتی، فلسطینی بچوں، خواتین اور نہتے عوام پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا۔ جمعیت علماء پاکستان صدر ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر، علامہ قاری محمد زوار بہادر، سید محمد صفدر شاہ، ڈاکٹر جاوید اعوان، حافظ نصیر احمد نورانی، مفتی تصدق حسین، رشید احمد رضوی، ایم اے مہر، قاری خلیل مہروی، مولانا جمیل رضوی، مولانا شوکت علی ، مولانا محمد سرفراز قادری اور دیگر مقررین نے مظاہروں سے خطاب کیا۔ پریس کلب لاہور کے باہر آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کی جانب سے ریلی نکالی گئی قیادت صدر ایپکا حاجی محمد ارشاد نے کی سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں اسرائیلی مظالم کیخلاف ریلی سے خطاب میں کہا ہے کہ ہمارے حکمران اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچ رہے تھے فلسطینی نوجوانوں نے صیہونی افواج کو ایسا سبق سکھایا کہ وہ بھول نہیں پائیں گے جن مسلمان ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے وہ اپنا فیصلہ واپس لیں مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے زیر اہتمام مرکز ابو ہریرہ داروغہ والا سے شالامار چوک تک ریلی نکالی گئی قیادت ناظم اعلیٰ پنجاب حافظ محمد یونس آزاد حاجی نواز مغل حافظ بابر فاروقی رحیمی مولانا مشتاق فاروقی ملک اظہر اور ملک عدیل اعوان نے کی۔ جمعیت علماء اسلام کے امیر مو لا نا فضل الرحمن کی اپیل پر ملک بھر میں جے یو آئی نے اسرائیل کے مظالم کے خلاف اور فلسطیینی عوم کے ساتھ یکجہتی کے لیئے صوبائی اورضلعی ہیڈ کوٹرز میں ریلیاں نکالیں لاہور میں پریس کلب کے سامنے اسرائیلی مظالم کیخلاف بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت جے یو آئی کے مرکزی ڈپٹی سیکر ٹری جنرل مو لا نا محمد امجد خان ، مولانانعیم الدین ،مفتی عبد الحفیظ،محمد افضل خان،مولانا سلیم اللہ قادری قاری امجد سعید،حافظ غضنفر عزیز،قاری عمران ،پروفیسر ابوبکر چوہدری ،مولانا عبدالودود شاہد، قاری منظور الحسن چترالی، حافظ نصیرسیال،حافظ عدالصمد،قاسم افضل اور دیگر نے کی جبکہ جامعہ مدنیہ کریم پارک ،شاہدرہ ،ماڈل ٹاء ون ،کینٹ ، ملتان روڈ ،شالیمار ٹاؤن ،لاہو ر ہوٹل چوک سے لاہور پریس کلب تک ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پرتحریک انصاف کی خواتین ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور خواتین عہدیدران و کارکنان نے وزیراعظم کی کال پر لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں ڈاکٹر سیمی بخاری، شنیلا روتھ ، سمیرا عابد، سعدیہ سہیل، مسرت چیمہ، شاہدہ ملکہ، روبینہ شاہین، عطیہ سعد، عائشہ خالد نے شرکت کی۔ نابینا ڈیلی ویجز یونین کے زیر اہتمام امریکن قونصلیٹ سے لاہور پریس کلب تک ریلی منعقد ہوئی ریلی کی قیادت یونین کے صدر عمر رشید صدر نائب صدر عبدالشکور اور جنرل سیکرٹری عمر جوید نے کی۔ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے بیورو سٹاف اور مقیم بچوں اور بچیوں کے ہمراہ فسلطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے ریلی میں شرکت کی۔ جمعیت علماء اسلام پاکستان س کے زیر اہتمام شیرانوالہ گیٹ اندرون شہر لاہور میں فلسطین کی حمایت اور اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی جلسہ ہوا جس میں جمعیت علماء اسلام س کے مرکزی امیر مولانا میاں محمد اجمل قادری، مولانا حبیب الرحمان درخواستی، مولانا احمد علی ثانی اور صاحبزادہ حافظ عمیر عبدالہادی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی درندگی اور جارحیت کے بعد اب اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والے ممالک اپنے فیصلوں پر نظرثانی کریں۔ لاہور ہائیکورٹ بار کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں اسرائیلی بربریت کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا اجلاس کے بعد وکلاء نے جی پی او چوک تک ریلی نکالی ۔اسلام آباد میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرقیادت ارکان پارلیمنٹ نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے شاہراہ دستور پر واک کی جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ریلی امیر العظیم نے لاہور میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جنگ نہیں ہو رہی بلکہ یہ اسرائیلی دھوکہ دہی اور جارحیت ہے، عالم اسلام کے حکمران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مستقل نمائندگی کے حصول کا مطالبہ کریں۔لیاقت بلوچ نے گوجرانوالہ میں بڑے جلوس کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین ایشو پر عالم اسلام کے حکمرانوں نے بزدلی کا ثبوت دیا ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے زیر فلسطین کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گیا‘ ریلی کی قیادت جانشین ابوالبیان صاجزادہ پیر رفیق احمد مجددی، اراکین صوبائی اسمبلی حاجی عبدالرؤف مغل، توفیق احمد بٹ، حاجی نواز چوہان، حاجی وقار احمد چیمہ،میئر شیخ ثروت اکرام،سینئر نائب صدر سٹی محمد شعیب بٹ، لیبر ممبر کارپوریشن ناصر محمود کھوکھر، سٹی سیکرٹری اطلاعات عامر اکرام بٹ نے کی شیخوپورہ سے نامہ نگار کے مطابق خطاب یوم فلسطین کے موقع پر پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام لبیک یا بیت المقدس ریلی نکالی گئی ریلی کی قیادت محمد وسیم نقشبندی مفتی شہباز علی سیال علامہ خلیل جامی احمد رضا بھٹی محمد عمر دراز نے کی۔ انجمن غلامان مصطفیٰ کے زیر اہتمام ہاؤسنگ کالونی میں ملک اکرم حسین و من ڈوگر کی قیادت میں فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی نکالی گئی جس میں ملک افتخار احمد کھارا ڈوگر ملک وسیم رضا ڈوگر شبیر حسین کمبوہ افتخار احمد گجر ایڈووکیٹ ملک عبداقیوم ڈوگر ایڈووکیٹ ملک سلامت علی ڈوگر رانا الیاس احمد خان ملک یاسر نصیر انجم میاں مقبول احمد میاں تنویر احمد ملک فرخ ڈوگر غریب عالم نجم الثاقب حافظ فیصل محمود حافظ رضوان چوراہی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ مرکزی انجمن تاجران کے چیئرمین الحاج ملک محمد اسلم بلوچ کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ لاہور پریس کلب کے باہر سینیٹر اعجاز احمد چودھری کی قیادت میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے نیتن یاہو کا پتلا اور اسرائیلی پرچم نظر آتش کئے۔ مظاہرے کے شرکاء سے سینیٹر اعجاز احمد چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل مغرب کا ناجائز بچہ ہے۔ اسرائیل کی پشت پناہی کرنے پر امریکہ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی سینئر نائب صدر چودھری خالق عزیز مت ورک نائب صدر چودھری منیر قمر واہگہ کی قیادت میں القدس زندہ باد ریلی بعد نماز جمعہ نکالی گئی۔ قصور فیصل آباد بہاولپور سمیت دیگر شہروں سے بھی ریلیاں نکالی گئیں۔ پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کی جانب سے شاہراہ درستور پر اسرائیلی کی جانب سے فلسطین پر حملوں کے خلاف ریلی نکالی گئی فلسطین پر اسرائیلی مظالم کیخلاف پاکستان بار اور سپریم کورٹ بار نے احتجاج کیا احتجاج کی قیادت پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین خوش دل خان سیکریٹری سپریم کورٹ بار احمد فاروق رانا نے کی جبکہ دیگر وکلا رہنما صدر لاہور ہائیکورٹ بار سردارعبد الرازق ممبر اسلام آباد بیرسٹر قمر سبزواری، ایڈوکیٹ مدثر عباسی سمیت دیگر وکلا رہنماوں نے شرکت کی وکلا نے سپریم کورٹ سے پارلیمنٹ ہاوس تک ریلی نکالی جس میں اسرائیل مخالف اور فلسطین کے حق میں نعرے بازی کی گئی ۔