• news

کشمیریوں کی طرح فلسطینی  بھی آزادی کی جنگ لڑ رہے: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی نامہ نگار+نیوز رپورٹر) حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے جہانگیر ترین گروپ سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ہمیں قومی مسائل پر یک زبان ہو کر بولنا چاہئے۔ ہم نے 3 سال انتقام کو برداشت کیا اور ذمہ دار اپوزیشن کا کردار ادا کیا۔ مسائل کا حل آزاد اور منصفانہ الیکشن میں ہے۔ پنجاب اسمبلی میں فلسطین کے ایک نکاتی ایجنڈے پر بات کی۔ اسرائیلی بمباری سے معصوم فلسطینی بچوں سمیت سیکڑوں افراد شہید ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے اسمبلی کی سیڑھیوں تک  لیگی ارکان اسمبلی پر مشتمل نکالی گئی ریلی کی قیادت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا اسرائیل کی جانب سے رمضان کے مقدس مہینے میں مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا گیا۔ فلسطینی مائوں نے عید پر نئے کپڑوں کے بجائے بچوں کیلئے کفن خریدے۔ کشمیریوں کی طرح فلسطینی بھی آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں۔ فلسطین کی طرح مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ اس معاملے پر جوائنٹ ایکشن فورس بنانے کیلئے ترک صدر طیب اردگان کی تجویز سے اتفاق کرتا ہوں۔ ریلی میں (ن) لیگی ارکان کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی جھنڈے پکڑے ہوئے تھے اور گلے میں مفلر بھی لٹکائے ہوئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن