معشیت پاتال میں جا گری،عمران ملک دوستوں کیلئے چلا رہے ہیں،شہباز شریف
لاہور+( نیوز رپورٹر) شہباز شریف نے کہا کہ مڈل کلاس تباہ ہو چکی ہے عمران خان اس ملک کو صرف اپنے دوستوں کے لئے چلا رہے ہیں، پی ٹی آئی پچاس لاکھ لوگوں کو بے روزگار اور 2کروڑ کو بدترین غربت میں دھکیل چکی ہے، (ن) لیگ نے شرح ترقی 5.8 فیصد پر چھوڑی تھی اور عمران خان محض 3.9 فیصد شرح ترقی دکھا رہے ہیں، اندازہ لگائیں، ہماری معیشت کس پاتال میں جاگری ہے، انہوں نے ٹویٹر پر لکھا یاد رہے کہ سٹیٹ بنک کے نمائندے نے اس پر اعتراض اٹھایا ہے کہ یہ عدد اصل سے زیادہ دکھایا گیا ہے۔ پی ٹی آئی نے اپنے پہلے سال میں اصل 1.9 فیصد کے عدد کو بڑھا چڑھا کر 3.3 فیصد دکھایا تھا۔ اس سال بھی انہوں نے جھوٹ بولا، شہباز شریف نے کہا پی ٹی آئی نے منفی 0.4 فیصد سے منفی 0.5 فیصد کے گزشتہ سال کے اپنے اعداد وشمار پر نظرثانی کی ہے، گزشتہ برس پاکستانیوں کی فی کس آمدن میں 3 فیصد کمی آئی۔ غیرجانبدار معاشی ماہرین اس سال بھی پاکستانیوں کی حقیقی آمدن میں کمی ہونے کا بتا رہے ہیں۔ لہذا شرح ترقی اس سال بھی غیرحقیقی ہے جو گزشتہ کی طرح نظرثانی پر آئند برس کم ہوگی۔ 25 فروری کے بعد ہر ہفتے میں قیمتوں کا حساس اعشاریئے 13 فیصد اضافہ دکھارہا ہے۔ گزشتہ سال کی نسبت رواں ہفتے میں قیمتوں میں 17 فیصد اضافہ ہوا۔ اتنی بلند مہنگائی کی شرح جہاں صرف خوراک کی قیمتوںمیں 14 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، مڈل کلاس کو تباہ کرچکی ہے۔ شہبازشریف نے سٹی صدرمسلم لیگ (ن) فیصل آباد شیخ اعجاز احمد سے رابطہ کیا، ہمشیرہ کی وفات پر اظہار افسوس، بلندی درجات کیلئے دعائیں کیں۔دریں اثناء ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی دعوت بلاول بھٹو پیرکے روز عشایئے میں شرکت کریں گے۔ عشایئے میں مولانا فضل الرحمن اور بلاول بھٹوکی ملاقات ہوگی۔ ملک کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ شہباز شریف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے مشاورت کے بعد آئندہ کی حکمت عملی ترتیب دینگے۔