جہانگیر ترین گروپ کے نقطہ نطر میں بڑا وزن،عمران کی قیادت میں سب اکھٹے،فواد چوہدری
لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے لاہور میںجہانگیر ترین گروپ کے اراکین سے ملاقات کے بعد واضح کیا کہ ترین گروپ کے ساتھ معاملات طے پاگئے ہیں،گروپ کے ارکان نے عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ پی ٹی آئی پہلے کی طرح متحد جماعت ہے کسی نئے گروپ کی رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ علی ظفر پر مشتمل کمیٹی اس معاملے کی چھان بین کر رہی اور اس کی رپورٹ کا ہمیں اور جہانگیر ترین گروپ کو بھی انتظار ہے۔ یقین ہے کہ ہمیں اور اس گروپ کو رپورٹ پر اعتبار ہوگا۔ لاہور میں ترین گروپ کے اراکین کیساتھ میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین گروپ کا مؤقف تفصیل سے سنا، بنیادی چیزوں پر ہم سب اکٹھے ہیں۔ کسی رکن اسمبلی کو اضافی فنڈز نہیں دیئے جارہے۔ پہلے دن سے یہ کہا کہ نیب اتنا اوپر نہ جائے کہ کسی کیس کو منطقی انجام تک نہ پہنچا سکے۔ عمران خان ہی نہیں عام لوگ بھی نظام عدل اور احتساب سے مطمئن نہیں، انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کبھی جہانگیر ترین کی کوئی سفارش نہیں کریں گے۔ ناراض ارکان کے مسائل حل کرنے کے لیے روابط بہتر کریں گے۔ 6 رکنی کوآرڈینیشن کمیٹی بنا دی۔ فیصلہ کیا ہے کہ معاملات مل بیٹھ کر حل کریں گے۔ جہانگیر ترین گروپ میں شامل اراکین اسمبلی کے نقطہ نظر میں بھی بڑا وژن ہے۔ قبل ازیں صوبائی وزیرملک نعمان لنگڑیال کے ظہرانے میں شرکت کی، پریس کانفرنس میں کہا کہ جس طرح جہانگیر ترین گروپ نے وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں تحریک انصاف پر فخر ہے۔ رپورٹ پارٹی کی داخلی لائن طے کرے گی جبکہ جہانگیر ترین کے عدالتی معاملات پر کوئی مداخلت نہیں کرے گا۔ پارٹی میں کوئی گروپنگ نہیں، اب تمام افواہیں دم توڑ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جن کا کراچی سے لے کر خیبر تک ووٹ بنک ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) وسطی پنجاب اور پیپلزپارٹی اندورن سندھ کی سیاسی جماعتیں ہیں۔ چند روز قبل میڈیا پر خبریں تھیں کہ راجا ریاض کو قومی اسمبلی میں گروپ کا پارلیمانی رہنما، پنجاب اسمبلی میں سعید اکبر نوانی کو بنایا گیا۔ ایسی تمام باتیں افواہیں تھیں یہ اعلان جہانگیر ترین کی جانب سے منعقدہ ایک عشایئے میں سامنے آیا تھا جہاں راجا ریاض کے مطابق مزید 4 اراکین قومی اسمبلی اور اتنے ہی ایم پی ایز نے گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی تو بڑھا چڑھا کر تعداد دینا بلکل درست نہیں۔ تو امید ہے اب اپوزیشن کی لڈیاں ختم ہو جائیں گی۔ علی ظفر کی رپورٹ پبلک کی جائے سب کے سامنے چیزیں آجائیں گی ، رنگ روڈ منصوبے کے متعلق کہنا تھا کہ اس منصوبے میں پیسے کھائے نہیں بچائے گئے ہیں۔ممبران انہیں اپنے انداز میں ہلکی پھلکے انداز میں شکایات اور گلے کرتے رہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ فواد چودھری کا نذیر چوہان سے مکالمہ ہوا کہ چوہان صاحب آپ تو بڑے زبردست مقرر ہیں۔ بڑے بڑے دھماکے کر رہے ہیں جس پر اجمل چیمہ نے کہا آپ کون سا کسی کمزور کی سنتے ہیں تو پھر دھماکا ہونا ہی ایسے تھا۔ فواد چودھری نے کہا کہ آپ نے سارے جٹ اکٹھے کر لئے ہیں۔ جس پر سارے ممبران ہنس پڑے‘ وہ سعید اکبر نوانی سے بھی مخاطب ہوئے۔ فواد چودھری نے کہا کہ جہانگیر ترین ہمارے بڑے ہیں اور ہماری پارٹی کا اثاثہ ہیں۔ ملک نعمان لنگڑیال نے یہ اعلان کیا کہ محبت اور عزت سے لوگوں کے دل جیتیں گے اور آئندہ 2023ء میں بھی تحریک انصاف بھاری اکثریت سے جیتے گی۔