• news

انٹر نیشنل ایکسپوسنٹر بنانے کا فیصلہ ،لاہور میں لیبر ٹاور قائم کرینگے،عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر+سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں محکمہ محنت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ محنت کے زیراہتمام لاہور میں لیبر ٹاور بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے انڈسٹریل ورکرزکے لئے ہاسٹلزکے قیام کی تجویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشنز(PESSI) اور پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈز کو سمارٹ آرگنائزیشن بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ کامسٹ ڈیفنس لاہور میں محکمہ لیبر کی اراضی پر کیمپس قائم کرے گا۔ کامسٹ لیبر کیمپس میں 30 فیصد مزدوروں کے بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ محکمہ محنت کی 2ارب روپے مالیت کی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرائی ہے۔ شیخوپورہ اور کوٹ چھٹہ سمیت مختلف علاقوں سے مزدوروں کے 144 فلیٹ قبضہ مافیا سے واگزارکرائے ہیں۔ پنجاب میں ورکر کی کم ازکم اجرت 20 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چائلڈلیبر کے خاتمے کے لئے پائیدار اقدامات کئے جائیں۔ تونسہ، سرگودھا اور فیصل آباد میں سوشل سیکورٹی ہسپتال بنائے جا رہے ہیں۔  میرج گرانٹ ایک لاکھ سے بڑھا کر 2 لاکھ ڈیتھ گرانٹ 5  لاکھ روپے سے بڑھا کر 6  لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ اجلاس میں PESSI  میڈیکل کالج اور نرسنگ سکول کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے  وزیراعظم کے مشیربرائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں سٹیٹ آف دی آرٹ انٹرنیشنل ایکسپو سنٹر بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ ملاقات میں پنجاب میں کوآپریٹو ایگری کلچرل فارمنگ کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا جبکہ سٹیچنگ انڈسٹری کے لئے ملتان میںپلگ اینڈ پلے سنٹر قائم کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ کاٹن اور دیگر نقد آور فصلوں کے لئے کاشتکار کو مراعات دی جائیں گی۔ وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق دائود نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی پرفارمنس بہتر جا رہی ہے۔  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چکوال کے علاقے کریالہ  میں اغواء کے بعد بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ  عثمان بزدار نے  ملزمان کی فی الفور گرفتاری کا حکم  دیتے ہوئے  مقتول  بچے کے خاندان کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ای پیپر-دی نیشن