• news

 عمران خان کو انٹرنیشنل ماحولیات کانفرنس کی صدارت کیلئے چن لیا گیا 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی)وزیراعظم عمران خان کو انٹرنیشنل ماحولیات کانفرنس کی صدارت کیلئے چن لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق  پاکستان کو رواں سال 5 جون کو عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی دی گئی ہے، تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو ماحولیات کے عالمی دن کی میزبانی کا اعزاز ملا ہے جبکہ پاکستان 5 جون کو عالمی دن پر موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اہم اعلانات کرے گا۔ بلین ٹری، کلین گرین پاکستان، الیکٹرک وہیکل پالیسی، نیشنل پارکس اور گرین جابز کو اجاگر کیا جائے گا۔ دوسری جانب عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں شرکت کیلئے صرف 4 عالمی شخصیات کاچناؤ کیاگیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کو انٹرنیشنل ماحولیات کانفرنس کی صدارت کیلئے بھی چن لیا گیا اور وہ 4 جون کی رات عالمی کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ کانفرنس میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ، پوپ فرانسس اور جرمن چانسلر شرکت کریں گی جبکہ ماحولیات سے متعلق میگا تقریب 5 جون کو اسلام آباد میں ہوگی۔ خیال رہے کہ گزشتہ سال چین کو عالمی یوم ماحولیات پر انٹرنیشنل کانفرنس کی میزبانی کا اعزاز ملا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن