20 سال م یں سے فرانس کے رقبہ کے مساوی جنگلات بحال
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)دنیا بھر میں گزشتہ 20 سال میں سے فرانس کے رقبہ کے مساوی جنگلات بحال ہوئے ہیں۔ ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف)کے ماہرین کی قیادت میں ایک تحقیقی ٹیم نے سیٹیلائٹ ڈیٹا کی مدد سے بحال ہو جانے والے جنگلات کا نقشہ تیار کیا ہے۔ تحقیق کے مطابق سال 2000 سے اب تک دنیا بھر میں گزشتہ 20 سال کے دوران ایک بڑے رقبے پر جنگلات فطری طور پر دوبارہ اگ آئے ہیں اور ان جنگلات کا رقبہ فرانس کے مجموعی رقبہ کے مساوی ہے۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف کی رپورٹ کے مطابق دوبارہ پیدا ہو جانے والے یہ جنگلات 5.9 گیگا ٹن کاربن ڈائی آکسائڈ کو جذب کر سکتے ہیں۔ ماحول کے تحفظ پر کام کرنے والی تنظیموں نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ یہ نئے بحال ہونے والے جنگلات کاربن ڈائی آکسائڈ کی جتنی مقدار کو جذب کر سکتے ہیں وہ امریکہ کے سالانہ اخراج سے بھی زیادہ ہے۔ ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ کی قیادت میں تحقیق کرنے والے ماہرین کی ایک ٹیم نے سیٹیلائٹ ڈیٹا کی مدد سے بحال ہو جانے والے جنگلات کا ایک تفصیلی نقشہ تیار کیا ہے۔ یہ جنگلات 12 لاکھ ہیکٹر رقبہ پر پھیلے ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس عرصہ کے دوران وسطی افریقہ اور کینیڈا کے بوریئل جنگلات بھی فطری طریقہ سے ہی بحال ہوئے ہیں۔