ڈسکہ الیکشن دھاندلی میںملوث سیالکوٹ کے 2 افسر بحال
اسلام آباد(محمد صلاح الدین خان سے)وفاقی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے NA-75ڈسکہ الیکشن دھاندلی میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے معاملے پر ہٹائے گئے سیالکوٹ کے دو افسران ڈی پو او حسن اسد علوی اور ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید لاشاری کو دوبارہ بحال کردیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ان افسران کو الیکشن کمیشن پاکستان کی ہدایت پر دوبارہ بحال کیا گیا ہے۔گریڈ19کے دونوں افسران کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی) گروپ سے ہے، دونوں افسران کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان میں دو دو انکوائریاں زیرالتواء ہیں ۔واضح رہے کہ 19فروری کو NA-75ڈسکہ الیکشن دھاندلی ،20پریزائیڈنگ آفیسرز کے اغوائ، لاء اینڈ آرڈر ، مس مینجمنٹ پر مسلم لیگ ن نے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کروائی جس پر الیکشن کمیشن کے پانچ رکنی بینچ نے سماعت کی اور احکامات جاری کیے جن میں چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کو ہدایت کی گئی کہ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ذیشان جاوید لاشاری، ڈی پی او اسد علوی ، اے سی ڈسکہ آصف حسین ، ڈی ایس پی سمٹریال ذوالفقار ورک ،ڈی ایس پی ڈسکہ محمد رمضان کمبوکو معطل کردیا جائے جبکہ گجرانوالہ کے کمشنر اور آر پی او کا ٹرانسفر کردیا جائے، جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی تھی ، اب الیکشن کمیشن کی متعلقہ افسران کو بحال کرنے کی ہدایت پر وفاقی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بحالی کے نوٹیفکیشن جاری کردئیے ہیں۔