غزہ : 15کروڑ ڈالر کا نقصان : تعمیر نو میں کئی برس لگیں گے ، ریڈ کراس
واشنگٹن (اے پی پی+ آئی این پی) امریکی وزیر خارجہ نے فلسطینی صدر محمود عباس سے بات چیت کی ہے۔ انتھونی بلنکن نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران زیر محاصرہ غزہ کو امدادی سامان کی ترسیل اور اسرائیلی حملوں سے بری طرح متاثر ہونے والے شہر کی تعمیر نو اور خطے کی تازہ صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والی فائر بندی کا خیر مقدم کیا گیا اور بلنکن نے کہ غزہ کو فی الفور انسانی امداد کی فراہمی، نشاط ِ نو کی کوششوں میں امریکہ فلسطینی انتظامیہ اور اقوام متحدہ کی کارروائیوں سے تعاون جاری رکھے گا۔ فلسطینی حکام اور اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ 10 سے21 مئی کے درمیان غزہ کی پٹی کے علاقے میں اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان لڑائی کے نتیجے میں 15 کروڑ ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ 2 ہزار گھر، 6 ہسپتال، 11 ہیلتھ کیئر کلینکس، سڑکیں تباہ، 77 ہزار فلسطینی نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔ 20 لاکھ سے زائد شہری پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔ مسجد اقصیٰ کے حرم شریف کہلانے والے احاطے کو کھول دیا گیا۔ غزہ میں سرکاری دفاترہ دوبارہ کھل گئے۔ ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے مطابق انفراسٹرکچر بحالی میں دہائیاں نہیں تو کئی برس ضرور لگیں گے۔