شکار پور مقابلے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 شہید، 5 ڈاکو ہلاک
شکار پور (نوائے وقت رپورٹ) شکار پور کے علاقے گڑھی شیفو میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب کے مطابق آپریشن میں دو پولیس اہلکار اور ایک پرائیویٹ فوٹو گرافر شہید ہوگیا۔ ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں چار پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ آپریشن کے دوران 5 ڈاکو مارے گئے۔ پولیس والوں کی لاشیں اور زخمیوں و ڈاکوؤں سے چھڑا لیا گیا۔ خیرو تیغانی اور بیلو تیغانی گینگز کے خلاف آج بڑا آرپیشن ہوگا۔ گینگز کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ علاوہ ازیں شکارپور میں پرانی دشمنی پر 2 گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جان سے گئے۔ شکارپور کے نواحی گاؤں شاھیم مارفانی میں مارفانی قبیلے کے دوگروپوں میں فائرنگ سے 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کی بنا پہ پیش آیا۔ فائرنگ نورلمارفانی اور نظیر مارفانی کے مسلح گروپوں میں ہوئی ہے۔ پولیس نے نعشوں کو متعلقہ ہسپتال گڑھی یاسین منتقل کر دیا۔ ہلاک ہونے والوں میں عبدالغنی، سدیر، اوغان اور ھاشم مارفانی شامل ہیں۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پا لیا۔