اینٹی کرپشن نے راولپنڈی رنگ روڈ سکینڈل پر انکوائری شروع کر دی
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) اینٹی کرپشن پنجاب نے راولپنڈی رنگ روڈ سکینڈل پر انکوائری کا آغاز کر دیا۔ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس نے انکوائری ٹیم تشکیل دے دی۔ راولپنڈی رنگ روڈ انکوائری ٹیم قانونی، تکنیکی اور معاشی ماہرین پر مشتمل ہے۔ ترجمان اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق مکمل تحقیقات کے بعد سکینڈل کے تمام حقائق قوم کے سامنے رکھے جائیں گے۔انکوائری وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے احکامات پر شروع کی گئی ہے۔ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ انکوائری کے لئے ٹیکنکل، فنانشنل اور بہترین انوسٹی گیشن افسران شامل کئے جائے گے اور میرٹ پر تفتیش کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ ہر پہلو کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا اور تمام حقائق قوم کے سامنے رکھے جائیں گے۔ اس حوالے سے امکان ہے کہ آئندہ ہفتے سے مختلف افراد کو نوٹسز جاری کئے جائے گے۔