عشائیہ میں پی پی،جے یو آئی وفود کی شرکت اپوزیشن کو احتجاجی تحریک چلانی چائیے،شہباز شریف
اسلام آباد+ لاہور (خبرنگار خصوصی+ خصوصی نامہ نگار) شہباز شریف نے اپوزیشن جماعتوں کو حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک چلانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی معاشی و اقتصادی صورتحال تشویشناک حد تک خراب ہو چکی ہے جبکہ حکومت احتساب کے نام پر اپوزیشن سیاسی جماعتوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی مفاد کے لئے تمام اپوزیشن جماعتوں کا مل کر چلنا بہت ضروری ہے۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر اپوزیشن رہنمائوں کے اعزاز میں عشایئے میں شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق عشایئے میں پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کی مرکزی قیادت نے شرکت نہیں کی جبکہ ان کے وفود شریک ہوئے۔ پیپلزپارٹی کے وفد میں یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، شیری رحمان شامل تھے ۔ جے یو آئی (ف) کے وفد کی قیادت مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اسعد محمود نے کی۔ ان کے علاوہ عوامی نیشنل پارٹی کے امیر حیدر ہوتی، محسن داوڑ اور دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔ شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ہر شعبے میں ناکام ہو رہی ہے۔ موجودہ حالات میں اپوزیشن کا اتحاد ناگزیر ہے۔ ملک کا مفاد اس بات میں ہے کہ ہر اہم قومی ایشو پر اپوزیشن جماعتیں مل کر چلیں اور مشترکہ اور متفقہ موقف پنائیں تبھی کامیابی حاصل ہو سکتی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے لہذا تمام اپوزیشن کو حکومت کے خلاف مل کر چلنا ہو گا۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے عوام سے زیادتی کرے گی۔ لہذا حکومت کو اس موقع پر ٹف ٹائم دیا جا سکتا ہے۔ اس کے لئے اپوزیشن کو احتجاجی تحریک چلانی چاہئے۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت کو گھر بھیجنے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد ناگزیر ہے، ہمیں ایک دوسرے پر الزام تراشی کی بجائے حکومتی ناکامیوں کو اجاگر کرنا چاہئے۔ یوسف رضا گیلانی نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی جانب سے عشایئے کے شرکاء کے لئے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔ جے یو آئی (ف) کے رہنما اسعد محمود نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد پی ڈی ایم پہلے سے موجود ہے، حکومت کے خلاف جو بھی تحریک چلائی جائے اس کے لئے یہی پلیٹ فارم استعمال کیا جائے۔ اسعد محمود نے کہا کہ اپوزیشن کا کوئی نیا اتحاد قائم کرنے کی بجائے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائے۔ شہباز شریف سے چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے ملاقات کی شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں امن سلامتی اور دہشت گردی کے خاتمے میں علماء اور مشائخ نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔