نیب بہترین صلاحیتیں استعمال کر کے کرپشن فری پاکستان کیلئے سرگرم: جاوید اقبال
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں نیب بلوچستان کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے احتساب سب کے لئے پالیسی کے تحت کرپٹ عناصر کے خلاف فرمان اللہ خان، ڈی جی نیب بلوچستان کی زیر نگرانی نیب بلوچستان کی گذشتہ تین سالوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ اجلاس میں ڈی جی نیب بلوچستان نے بتایا کہ نیب بلوچستان کو سال 2018ء میں 1191شکایات موصول ہوئیں۔ اجلاس میں ڈی جی نیب بلوچستان نے بتایا گیا کہ سال 2019ء میں نیب بلوچستان کو افراد اور مختلف سرکاری محکموں اور افسران کے خلاف 836شکایات موصول ہوئیں۔ نیب بلوچستان نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی بدولت گوادر کی 252ارب روپے مالیت کی قیمتی اراضی سمیت اربوں روپے کی جائیدادیں کرپٹ عناصر سے وصول کر کے بلوچستان حکومت کے حوالے کی گئیں۔ گوادر ہی کے اربوں روپے مالیت کرپشن کے متعدد کیسز کی تحقیقات مکمل کر کے ریفرنسز دائر کئے گئے۔ نیب کے متعدد کیسز میں سزا یافتہ ملزمان سے 65کروڑ کی جائیدادیں بھی نیب بلوچستان نے حکومت بلوچستان کے حوالے کی گئیں۔ معزز عدالتوں نے نیب بلوچستان کے دائر کیسز میں متعدد ملزمان کو سزائیں سنائیں۔ نیب بلوچستان کے دائر ریفرنسز میں سزائوں کا تناسب تقریبا 78فیصد رہا۔ چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ بد عنوانی ایک کینسر ہے جسے جڑ سے اکھاڑنا انتہائی ضروری ہے۔ نیب اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے کرپشن فری پاکستان کے لیے بھرپور کاوشیں کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جن سے بدعنوانی سے لوٹی گئی رقوم کے بارے میں پوچھنے کا تصور بھی محال تھا۔ نیب کی موجودہ قیادت نے نہ صرف بد عنوان عناصر سے گزشتہ تین سالوں میں 487ارب روپے بلاواسطہ اور بالواسطہ برآمدکئے بلکہ ان کو قانون کے کٹہرے میں بھی کھڑا کیا۔ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ اور فرد سے نہیں بلکہ نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان سے ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز کو قانون، میرٹ، شفافیت اور ٹھوس شوائد کی بنیاد پر منطقی انجام تک پہنچائی جائیں۔ نیب ایک انسان دوست ادارہ ہے جو نیب میں آنے والے ہر شخص کی عزت نفس کا قانون کے مطابق احترام کرنے پر یقین رکھتا ہے۔