• news

خالی آسامیوں پر بھرتی،ناروال کیلئے5ارب کے پیکج کا اعلان،ماضی میں باتیں،ہم نے کام کیا،عثمان بزدار

لاہور+ نارووال (نیوز رپورٹر+ محمد ہمایوں سے) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نارووال کا دورہ کیا اور نارووال کے لئے 5 ارب 12 کروڑ روپے کے خصوصی ڈویلپمنٹ پیکیج کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر آفس نارووال میں نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت 3منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں قائم کرونا ویکسینیشن سنٹر کا دورہ کیا اور ویکسینیشن سنٹرمیں کرونا ویکسین لگانے کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ جیل کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں کے مسائل سنے۔ عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو  میں کہا کہ نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت نارووال میں 17 کلومیٹر طویل 3سڑکوں کی تعمیر وتوسیع پر کام کا آغاز کیا ہے۔ نارووال اور نارنگ منڈی کو لاہور سیالکوٹ موٹروے سے منسلک کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے اس منصوبے کو پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کے لئے وفاقی حکومت کو درخواست کی ہے۔  پنجاب میں کرونا ویکسین لگانے کا عمل تیز کیا گیا ہے۔ ویکسینیشن سنٹرز کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ مزید قائم کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کے ہر شہری کو دسمبر تک یونیورسل ہیلتھ کوریج دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس برس کے اختتام تک پنجاب کے ہر شہری کے پاس صحت انصاف کارڈ ہوگا اور وہ اپنا علاج فری کرا سکے گا۔ یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام کا افتتاح 26 مئی کو لیہ سے کررہے ہیں۔ کاشتکاروں کی سہولت کے لئے کسان کارڈ کا بھی اجراء کیا گیا ہے۔ پنجاب میں لوکل باڈیز کا نظام جلد لانا چاہتے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ بلدیاتی نظام کے ذریعے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں۔ ماضی میں صرف مخصوص شہروں تک ترقی محدود تھی۔ ہم نے پورے پنجاب پر فوکس کیا ہے۔ عثمان بزدار نے نارووال آمد کے فوراً بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں قائم کرونا ویکسینیشن سنٹر کا دورہ کیا۔ شہریوں سے سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ کرونا سے بچاؤ کے لئے بروقت ویکسینیشن بے حد ضروری ہے ۔ شہری ویکسینیشن سنٹر آئیں اور ویکسینیشن کروائیں۔ عثمان بزدار اچانک ڈسٹرکٹ جیل نارووال پہنچ گئے۔ جیل کھلنے کا انتظار کیا۔ جیل عملہ وزیراعلیٰ کو دیکھ کر حیران ہوگیا۔ جیل سپرنٹنڈنٹ نے آکر دروازہ کھلوایا۔ عثمان بزدار نے نارووال میں ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈر اور پی ٹی آئی کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ نارووال کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے، یہ سفر کبھی نہیں روکے گا۔ ماضی میں کرنے والوں نے باتیں کیں، ہم نے آکر کام کیا۔ نارووال کے ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل اور تکمیل میں عوامی نمائندوں کی مشاورت شامل رہے گی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب بھر میں خالی آسامیوں پر بھرتی شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اور ڈویژن میں کوآرڈینیشن کمیٹیاں بنا ئیں گے۔  وزیراعلیٰ نے صغریٰ شفیع میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کیا، فارم  ڈی (فارمیسی)کالج کا افتتاح کیا، مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے اڑھائی برس میں ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو بے پناہ زک پہنچائی۔ کرونا کے قومی چیلنج اور دیگر اہم ایشوز پر اپوزیشن کا منفی کردار کبھی بھی اچھے الفاظ میں یاد نہیں رکھا جائے گا۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کے پاس نہ کوئی حکمت عملی ہے اور نہ ہی انہوں نے عوام کیلئے کچھ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو ہر موقع پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سیاست عوامی خدمت کا نام ہے، نا کہ لوٹ مار اورکرپشن کا۔ ماضی میں سیاست کو بینک بیلنس بڑھانے کیلئے استعمال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں لوٹ مار کے کلچر کو دفن کیا ہے۔ عثمان بزدار نے بہاولپور کے علاقے میں غریب افراد پر تشدد کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔عثمان بزدار نے وفاقی وزیر غلام سرور خان کے بھائی لیاقت خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن