دسویں بارہویں امتحان 20جون سے،بغیر رزلٹ پروموٹ نہیں ہو نگے،گرمیوں کی چھٹیاں محدود
اسلام آباد ، (وقائع نگارخصوصی + اپنے سٹاف رپورٹر سے+نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں کرونا وائرس سے مزید 57 افراد جاں بحق، تعداد20 ہزار308 ہوگئی۔ تصدیق شدہ کیسز 9 لاکھ 3 ہزار 599 ہوگئی۔ 3 ہزار 60 نئے کیسز رپورٹ، اب تک8 لاکھ20 ہزار374 مریض صحتیاب ہوچکے جبکہ4 ہزار763مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ وزیراعلی سندھ کی زیرصدارت ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ صوبائی حکومت نے صوبے بھر میں 25 مئی کی رات 8 بجے کے بعد شہریوں کے گھروں سے غیر ضروری نکلنے پر پابندی عائد کردی۔ این سی او سی کے اعلانات کی روشنی میں 5 فیصد سے کم شرح کی پالیسی کے تحت پنجاب کے16 ، خیبر پختونخوا کے21 اور کوئٹہ کے علاوہ تمام اضلاع میں تعلیمی اور سیاحتی سرگرمیاں ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرنے کی شرط پر بحال ہوگئیں، تاہم اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور سندھ بھر میں بدستور پابندیاں عائد ہیں۔ آئوٹ ڈور ریسٹورنٹس رات 12بجے تک جب کہ کھانا ساتھ لے جانے کی سہولت24 گھنٹے دستیاب ہوگی، سیاحت کا شعبہ کووڈ ایس او پیز کی مکمل پاسداری کے ساتھ کھول دیا گیا ہے۔ دنیا بھر میں ہلاکتیں 3478000 ہو گئیں، کیسز16کروڑ75لاکھ27ہزار سے تجاوز کر گئے۔ وزارت تعلیم نے رواں سال 20 جون کے بعد ملک بھر میں امتحانات لینے کا فیصلہ کیا ہے اور گرمیوں کی چھٹیاں محدود تعداد میں کی جائیں گی۔ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کمیٹی کا 29 واں اجلاس وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی زیر صدارت ہوا جس میں اجلاس میں تمام صوبائی وزرائے تعلیم بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان اور متعلقہ سیکرٹریز نے شرکت کی۔ فیصلہ کیا کہ امتحانات 20 جون کے بعد سے شروع کئے جائیں گے تاہم حتمی تاریخ کا اعلان متعلقہ صوبے خود کریں گے۔ گرمیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ وہ محدود تعداد میں ہوں گی جبکہ اس سال کسی کو بھی بغیر امتحان اگلی جماعت میں پروموٹ نہیں کیا جائیگا۔ دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات جون کے تیسرے ہفتے میں لئے جائیں گے رزلٹ میں تاخیر ہونے کی صورت میں جامعات پرویژنل سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر داخلے دیں گی۔ موسم گرما کی تعطیلات کم ہوں گی جس کا فیصلہ صوبے کریں گے۔ کراچی ضلعی وسطی میں مائیکروسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ سمارٹ لاک ڈاؤن 6 جون تک گلبرگ‘ نارتھ کراچی‘ لیاقت آباد اور نارتھ ناظم آباد کے علاقوں اور رہائشی یونٹس پر نافذ ہوگا۔ پاکستان اور بھارت سمیت 5 ممالک کے شہریوں کے داخلے پر پابندی لگا دی بنگلہ دیش سری لنکا اور نیپال بھی شامل ہیں۔ نوجوان بیٹے کے بعد باپ کو بھی کرونا کی لہر نے نگل لیا۔