• news

بھارت کرونا سے متاثرہ دنیا کا تیسرا بڑا ملک، ہلاکتیں 3لاکھ سے تجاوز

نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث وبا سے مرنے والوں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرگئی.۔جس کے بعد پڑوسی ملک کرونا سے متاثرہ دنیا کا تیسرا بڑا ملک بن گیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے پی‘ کے مطابق بھارت کے بڑے شہروں میں وائرس سے جانی نقصان کم ہو رہا ہے لیکن نیم متوسط طبقے پر مشتمل شہروں میں وبا کے نقصان بڑھتے جارہے ہیں۔ وزارت صحت نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 454 مزید اموات کی اطلاع دی ہے۔ جس کے بعد بھارت میں مجموعی اموات 3 لاکھ 3 ہزار 720 ہوگئی ہیں۔ علاوہ ازیں حکام کے مطابق کرونا وائرس کے مزید 2 لاکھ 22 ہزار سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ نئے کیسز کے بعد ملک میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 70 لاکھ افراد کرونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ بھارت میں شمال کے دور دراز ہمالیائی دیہات سے لے کر وسطی میدانی علاقوں اور جنوب میں ساحل تک وبائی مرض پورے ملک میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ نئی دہلی کے ہسپتالوں میں آکسیجن ختم ہونے کی وجہ سے متعدد لوگوں نے گھر میں ہی دم توڑ دیا۔ ممبئی کے ہسپتالوں کے مریضوں کی بڑی تعداد طبی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے دم توڑ رہی ہے۔ بھارت کے بڑے شہروں میں حالات قدرے بہتر ہوتے دکھائی دے رہے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وائرس ختم ہورہا ہے۔ علاوہ ازیں بھارت کے دیہی علاقوں میں اموات کی شرح شہروں کے مقابلے میں زیادہ ہوگئی ہے جہاں طبی مراکز پہلے ہی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ بھارت میں ویکسینیشن مہم بھی سست روی کا شکار ہے کیونکہ بیشتر ریاستوں کا کہنا تھا کہ ان کے پاس وافر مقدار میں ویکسین موجود نہیں ہے۔ بھارت دنیا کے مقابلے میں سب سے زیادہ ویکسین تیار کررہا ہے جہاں صرف 4 کروڑ 16 لاکھ لوگوں کو ویکسین دی جاچکی ہے جو مجموعی آبادی کا 3.8 فیصد ہے۔

ای پیپر-دی نیشن