• news

پاکستان کی کامیابی،پی آئی اے کے اثاثے،روز ویلٹ،سکرائب ہوٹل واپس

اسلام  آباد (خصوصی رپورٹر)  ریکوڈک عملدرآمد کیس میں پاکستان کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ برٹش ورجن آئی لینڈ کی ہائیکورٹ نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے منجمد اثاثے بحال کر دیئے ہیں۔ برٹش ورجن آئی لینڈ ہائیکورٹ نے ٹیتھیان کمپنی کی درخواست خارج کرتے ہوئے اسے حکم دیا ہے کہ وہ پاکستان کے قانونی چارہ جوئی کے اخراجات بھی ادا کرے۔ عدالتی فیصلے کے بعد روز ویلٹ ہوٹل نیویارک اور سکرائب ہوٹل پیرس میں لگائے ریسیور ہٹا دیئے گئے اور دونوں ہوٹل پی آئی اے کو واپس مل  گئے ہیں۔ اٹارنی جنرل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریکوڈک کیس میں پی آئی اے کے خلاف تمام فیصلے واپس ہو گئے ہیں، یہ فیصلہ ہماری بہت بڑی فتح ہے۔ برٹش ورجن آئی لینڈ ہائیکورٹ نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ریکوڈک کیس میں ٹیتھیان کاپر کمپنی کے حق میں فیصلے کو کالعدم قرار دیا گیا ہے۔ روز ویلٹ ہوٹل اور سکرائب ہوٹل پیرس بھی پاکستان کو واپس مل گیا ہے۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ پاکستان کو قانونی چارہ جوئی پر اٹھنے والے اخراجات کی مد میں پچاس لاکھ ڈالر تک ادائیگی ہو سکتی ہے۔سی  ای او پی آئی اے ارشد ملک نے ریکوڈک کیس پر پیشرفت کے معاملے پر بیان میں کہا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم اور محب وطن پاکستانیوں کی دعاؤں سے انصاف کی فتح ہوئی، پی آئی اے کے قیمتی اثاثے محفوظ ہو گئے۔ یہ قوم کی بہت بڑی جیت ہے۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مبارک ہو پاکستانیوں! برٹش ورجن آئی لینڈ ہائی کورٹ نے پی آئی اے کے حق میں فیصلہ دیدیا۔

ای پیپر-دی نیشن