• news

سندھ میں سکیورٹی صورتحال‘ وزیراعظم نے وزیر داخلہ سے رپورٹ طلب کر لی 

 اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) سندھ میں امن وامان کی صورتحال پر وزیراعظم نے وزیر داخلہ سے رپورٹ طلب کر لی۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات  فواد حسین چودھری  نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے وزیراعظم عمران خان کو سندھ میں بدانتظامی بالخصوص سکیورٹی صورتحال اور بڑھتے ہوئے جرائم پر تشویش سے آگاہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی  ان معلومات پر نوٹس لیتے ہوئے  وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو ہدایت کی ہے کہ وہ سندھ کا دورہ کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر اس صورتحال پر حکمت عملی طے کریں۔ وزیر داخلہ اس دورے کے بعد اپنی رپورٹ وزیراعظم کے سامنے رکھیں گے۔ مزید برآں ایک اور وٹس ایپ میں انہوں  نے کہا ہے کہ شریف فیملی ایسے تاثر دیتی ہے کہ انہیں کسی مقدمہ میں سزا نہیں ہوئی اور ان پر آج تک کوئی جرم ثابت نہیں ہوا جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں  نواز شریف اور مریم نواز کی پانامہ پیپرز کے ذریعے لندن میں منظر عام پر آنے والی اربوں روپے کی جائیدادوں کے مقدمہ پر اپیل کی سماعت ہو رہی ہے۔ احتساب عدالت اس مقدمہ میں نواز شریف کو 11 سال اور مریم نواز کو 8 سال قید کی سزا سنا چکی ہے۔ منگل کو اپنے  ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ان مقدمات میں سیدھی بات یہ ہے کہ انہوں نے لندن میں اربوں روپے کی جائیدادیں بنائیں۔ ان کے ظاہر اثاثے اس قسم کی جائیداد خریدنے کے متحمل نہیں تھے تو یہ جائیداد کیسے خریدی۔

ای پیپر-دی نیشن