پانی کے معاملہ پر پھر ہنگامہ،چئیرمین ارسا کو فارغ کرنے کا مطالبہ
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پانی کی کمی کے معاملے پر سندھ اسمبلی میں پھر گرما گرمی ہوئی اور ارکان نے شور شرابہ کیا۔ حکومتی ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے۔ وزیر آبپاشی سندھ سہیل انور سیال نے کہا کہ چیئرمین ارسا نے اجلاس میں سندھ کے نمائندے سے بدتمیزی کی اور سندھ کے نمائندے پر کاغذات پھینکے گئے۔ سہیل انور سیال اپوزیشن ارکان کی طرف لپکے لیکن ساتھیوں نے روک دیا۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ ان کی اتنی ہمت کہ سندھ کے نمائندے سے بدتمیزی کریں۔ چیئرمین ارسا کو عہدے سے فارغ کریں۔ یہ دادا گیری نہیں چلے گی۔ تحریک انصاف نے سندھ حکومت پر کوئی اقدام نہ کرنے کا الزام لگایا۔ پی ٹی آئی کے بلال غفار نے سپیکر سے مکالمہ کرتے کہا کہ گزشتہ روز ایک وزیر نے دھمکی دی اور آپ نے کچھ نہیں کیا۔ وہ وزیر پی پی قیادت کا پرس اٹھا کر یہاں تک پہنچا۔