• news

قائم علی شاہ کو گرفتار نہ کرنیکا حکم،آج نیب طلب

اسلام آباد (وقائع نگار/ نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت نے سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی پاکستان سٹیل ملز زمین کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے دائر درخواست پر نیب کو گرفتاری سے روکتے ہوئے جواب کیلئے نوٹس جاری کر دیا۔ گذشتہ روز شاہ خاور ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست میں سید قائم علی شاہ بیرسٹر قاسم نواز عباسی کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ نیب کی جانب سے مارچ، اپریل اور مئی میں کال اپ نوٹس موصول ہوئے ہیں۔ ڈر ہے کہ نیب کی جانب سے گرفتار کر کے عزت نفس مجروح کی جائے گی۔ استدعا ہے کیس کا فیصلہ آنے تک مجھے ضمانت قبل از گرفتاری دی جائے۔ عدالت نے 2لاکھ روپے مالیت کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرلی اور جواب کیلئے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 8جون تک کیلئے ملتوی کردی۔ دریں اثناء نیب نے سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو پاکستان سٹیل زمین کیس میں آج صبح 12 بجے اولڈ نیب ہیڈ کوارٹرز طلب کر لیا۔ قائم علی شاہ نے آج نیب ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن