• news

ہنرمند افراد کی ضرورت‘ کامیاب جوان گیم چینجر پروگرام ہے: فواد چودھری 

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ "کامیاب جوان" ایک گیم چینجر پروگرام ہے۔ ٹیکنالوجی نے دنیا کو تبدیل کر دیا ہے۔ دور جدید میں ہنر مند باصلاحیت افراد کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ مستقبل میں وہی ممالک ترقی کریں گے جن کے نوجوان ملازمت سے زیادہ کاروبار پر توجہ دیں گے۔ ہمیں اپنے اداروں کو ترقی کرتی ہوئی دنیا سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ کامیاب جوان پروگرام پاکستان کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس پروگرام کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں بحریہ یونیورسٹی میں کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کامیاب جوان پروگرام کے شرکاء کو کورس مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق فواد چودھری سے مصر کے سفیر نے ملاقات کی۔ مصر‘ سعودی عرب اور پاکستان کے مابین فلم پروڈکشن کے شعبہ میں مشترکہ منصوبے کی تجویز زیرغور آئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مشترکہ پروڈکشن میں تعاون سے برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے پاکستانی پروگراموں کیلئے عربی ڈبنگ کی سہولت کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ٹیلی ڈرامہ کے تبادلوں کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ مصر کے سفیر نے فلم پروڈکشن کے شعبہ میں مشترکہ منصوبے کی تجویز کا خیرمقدم کیا۔ مشترکہ مذہبی پروگراموں کے لئے تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن