• news

ترین کی رپورٹ کلیئر‘ راجہ ریاض: علی ظفر‘ شہزاد اکبر کی تردید

 اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے جہانگیر ترین گروپ کے رہنما راجہ ریاض نے کہا ہے کہ پارٹی میں سازشی عناصر کو علی ظفر کی رپورٹ کے بعد شرمندگی ہوئی ہے، انہیں استعفیٰ دینا چاہئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علی ظفر نے رپورٹ دی کہ جہانگیر ترین نیٹ اینڈ کلین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین سے متعلق رپورٹ وزیر اعظم عمران خان کو دے دی گئی۔ ہم سرخرو ہو گئے، ہمارے گروپ کا موقف کامیاب ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہمارے گروپ کے معاملات کے لیے ایک افسر تعینات کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو چیز غلط ہوگی اس کا ہم حکومت کو احساس دلاتے رہیں گے۔ ہم کہیں نہیں جا رہے، پاکستان تحریک انصاف میں ہی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا شکریہ جنہوں نے ہمیں نیوٹرل ایمپائر دیا۔ دوسری طرف سینیٹر علی ظفر نے راجہ ریاض کے بیان کی تردید کی ہے۔ علی ظفر نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ابھی تک کوئی رپورٹ وزیراعظم کو پیش نہیں کی۔ انکوائری رپورٹ تحریک انصاف کا اندرونی معاملہ ہے۔ مجھے جہانگیر ترین کیس میں ٹاسک دیا گیا۔ سفارشات مکمل ہونے پر وزیراعظم کو پیش کروں گا۔ جہانگیر ترین سے متعلق میری رپورٹ پر اندازے لگائے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں مشیر احتساب شہزاد اکبر نے راجہ ریاض پر دعویٰ مسترد کر دیا۔ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ علی ظفر‘ جہانگیر ترین اور میرے درمیان کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ علی ظفر نے ابھی تک کوئی رپورٹ نہیں دی۔

ای پیپر-دی نیشن