امریکہ ہمارے پڑوس میں رہنا چاہتا ہے‘ موقع دینا تاریخی غلطی: افغان طالبان
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) افغان طالبان کا کہنا ہے کہ ذرائع ابلاغ سے معلوم ہوا کہ امریکا کارروائیوں کے لیے ہمارے پڑوس میں موجود رہنا چاہتا ہے۔ پڑوسی ممالک سے مطالبہ ہے کہ کسی کو ایسا قدم اٹھانے اور موقع فراہم کرنے کی اجازت نہ دیں۔ ایک بیان میں افغان طالبان کا کہنا ہے کہ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا ہمارے ملک میں کارروائیاں انجام دینے کے لیے ہمارے پڑوس میں موجود رہنا چاہتا ہے۔ افغان طالبان کا کہنا ہے کہ خطے میں اجنبی فوجیں بے امنی اور جنگ کا اصل سبب ہیں، پڑوسی ممالک سے مطالبہ ہے کہ کسی کو موقع فراہم کرنے کی اجازت نہ دیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر ایسا کیا گیا تو یہ تاریخی غلطی و رسوائی ہوگی۔ افغان مسلم و مجاہد قوم اس طرح کے گھناؤنے اقدام کیخلاف خاموش نہیں رہے گی، اور مشکلات کی ذمہ داری غلطیاں کرنے والوں پر ہوگی۔ خیال رہے کہ گذشتہ دنوں پاکستانی اور غیرملکی میڈیا میں پاکستان کی جانب سے امریکا کو زمینی و فضائی راستہ فراہم کرنے کی رپورٹس سامنے آئی تھیں جن کی دفترخارجہ نے بھی تردید کی ہے۔