• news

بھکر کیلئے9ارب48کروڑپیکج،ارکان اسمبلی دست و بازو،اکٹھے رہیں گے،عثمان بزدار

بھکر، سرگودھا، لاہور (رانا عمران اسلم، امیر افغل اعوان، نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بھکر کیلئے 9 ارب 48کروڑ روپے کے ڈویلپمنٹ پیکیج کا اعلان کیا۔ بھکر ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج میں 106 ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایک ارب 22کروڑ روپے کے 76 ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کا افتتاح اور ایک ارب 12 کروڑ روپے کے 26 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعلی عثمان بزدارنے ڈپٹی کمشنر آفس میں سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کے تحت 22کلو میٹر طویل سڑکوں کی تعمیر اور نکاسی آب کے 20منصوبوں کا بھی افتتاح کیا۔  وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تھل یونیورسٹی کے قیام کا سنگ بنیاد رکھا۔ سی ڈی پی کے منصوبوں پر تقریباً 17کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بھکر میں ماڈل بازار کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ بھکر ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج میں 106 ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔  بھکر میں سیوریج اور بیوٹیفکیشن کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ پبلک ہیلتھ کے تحت فراہمی و نکاسی آب 5منصوبے مکمل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھکر میں ہیلتھ کے 11  پراجیکٹس لا رہے ہیں۔ سکول ایجوکیشن کے 5  اور ہائیر ایجوکیشن کے 4 پراجیکٹس شامل ہیں۔ لائیوسٹاک کے 3 ڈویلپمنٹ پراجیکٹ مکمل کئے جائیں گے۔ بلدیات کے 4 منصوبے بھی ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ میں شامل ہیں۔ ٹیوٹا، پولیس اور ریسکیو کے پراجیکٹس بھی ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھل یونیورسٹی بھکر کے قیام کیلئے 30 کروڑ جاری کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر تھل کینال کا منصوبہ 13 سال سے زیر التواء تھا۔ گریٹر تھل کینال کیلئے اراضی کے حصول کیلئے ایک ارب  5 کروڑ کا معاوضہ دیا گیا۔ گریٹر تھل کینال1965 میں تونسہ بیراج کے بعد سب سے بڑا آبپاشی منصوبہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے دیہات میں فارن ایڈ سے فراہمی و نکاسی آب کے پراجیکٹ مکمل کریں گے۔ بھکر میں دانش سکول کیلئے 25 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ 40 کروڑ روپے کی لاگت سے بھکر میں آرٹس کونسل بنے گی۔ 5 کروڑ سے تحصیل منکیرہ میں کرکٹ گراؤنڈ بنایا جائے گا۔ بھکر میں لاوارث بچوں کیلئے 2 کروڑ کی لاگت سے چائلڈ پروٹیکشن بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع بھکر میں اس وقت 76 سکیموں پر کام جاری ہے۔ پولیس میں بھرتیاں اور گاڑیاں فراہم کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب بھر کے 120 ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی تعمیر و توسیع کر رہے ہیں۔200 سے 250 بیڈز تک مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنا رہے ہیں۔53 لاکھ خاندانوں کو قومی صحت کارڈ دیئے جائیں گے۔ ہیلتھ انشورنس کیلئے اس سال پنجاب کے تمام 2 کروڑ 93 لاکھ خاندانوں کا اندراج کیا جائے گا۔ یونیورسل ہیلتھ انشورنس کیلئے اس سال 60 ارب رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا ویکسین کی خریداری کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کی منظوری دی جا چکی ہے۔ پنجاب میں 5 نئے ہسپتال قائم ہوں گے۔ نشتر ہسپتال فیز 2 ملتان، شیخ زید ہسپتال فیز 2 رحیم یار خان، کارڈیالوجی ہسپتال ڈی جی خان بن رہے ہیں۔ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال گنگا رام لاہور میں زیر تعمیر ہے۔ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال سیالکوٹ پر بھی کام ہو رہا ہے۔ پنجاب میں اب تک 6 نئی یورنیورسٹیاں قائم ہو چکی ہیں۔ صوبے میں مزید 9 یونیورسٹیوں کی منظوری کابینہ دے چکی ہے۔ اسی سال جون میں 32 نئے کالجز کا قیام بھی عمل میں آ جائے گا۔ 15 ہزار سٹوڈنٹس کو رحمت للعالمین سکالرشپ دیئے جائیں گے۔ اس سال گندم کی بمپر کراپس حاصل ہوئی- 10 لاکھ کسانوں کو کسان کارڈ کے ذریعے براہ راست سبسڈی فراہم کر رہے ہیں - مزید کسانوں کو اس میں شامل کیا جائے گا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے میڈیا کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں انسداد تجاوزات مہم میں 450 ارب روپے کی اراضی واگزار کرائی گئی - ارکان اسمبلی میرے دست و بازو ہیں، اکٹھے ہیں اور اکٹھے رہیں گے - کسی سے کوئی اختلاف یا جھگڑا نہیں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی میں پولیس کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا گیا۔ ہم نے پولیس کو اختیار اور وسائل دیئے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے ڈپٹی کمشنر آفس بھکر میں ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور پی ٹی آئی عہدیداروں نے ملاقات کی اور  بھکر ڈویلپمنٹ پیکیج دینے پر وزیر اعلی عثمان بزدار سے اظہار تشکرکیا۔ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تھل یونیورسٹی کا تحفہ دے کر آپ نے ہمارے دل جیت لئے۔ ایم این اے ثناء اللہ مستی خیل نے کہا کہ عثمان بزدار نے حقیقی معنوں میں دھرتی کا حق ادا کیا ہے۔ ایم این اے محمد افضل خان نے کہا کہ ترقی کے سفر کی خوشبو آج تھل تک پہنچ چکی ہے۔ رکن پنجاب اسمبلی سعید اکبر نوانی نے کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار کا ڈویلپمنٹ پیکیج ترقی کا ویڑن ہے۔ امیر محمد خان نے کہا کہ ترقیاتی پیکیج میں ارکان اسمبلی کی مشاورت کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔ غضنفر عباس چھینہ نے کہا کہ تھل یونیورسٹی بننے سے نسلیں سنور جائیں گی۔ عامر عنایت شاہانی نے کہا کہ ترقیاتی پیکیج سے بھکر کی پسماندگی دور ہو گی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع کو یکساں ترقی کے ویژن کے تحت ڈویلپمنٹ پراجیکٹ دے رہے ہیں۔ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ ماضی میں شوبازی ہوئی، اب عوامی مسائل کے حل پر توجہ دی جا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن