ڈاکوئوں کیخلاف آپریشن تیز،لادی گینگ نے تیسرا مغوی چھوڑ دیا،شکار پور،10بازیاب
لاہور، شکار پور، راجن پور (نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز) ڈاکوؤں کیخلاف ڈی جی خان کے قبائلی علاقہ تمن کھوسہ میں آپریشن تیز کر دیا گیا۔ جبکہ راجن پور میں جرائم پیشہ گروہ نے 2 پولیس اہلکاروں کو اغوا کر لیا۔ اس طرح شکار پور گڑھی تیغو میں بھی ڈاکوؤں کیخلاف سرچ آپریشن جاری ہے اور 12 میں سے 10 مغویوں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ راجن پور سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق کچے کے علاقے سے ڈاکوؤں نے 2 پولیس اہلکاروں کو اغوا کر لیا اور پولیس اہلکاروں کی رہائی کے بدلے ساتھی کی رہائی کی مانگ لی۔ تفصیلات کے مطابق کچے کے علاقے سے ڈاکوؤں نے 2 پولیس اہلکار اغواکر لیے۔ اغوا ہونیوالوں میں عرفان منظور اور ارشد شامل ہیں۔ پولیس ملازم رات گئے دعوت سے واپس چوکی پرآرہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کوجرائم پیشہ گینگ نے اغواکیا جبکہ ڈاکوؤں نے پولیس اہلکاروں کی رہائی کے بدلے ساتھی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع نے کہا ہے کہ مغوی پولیس اہلکاروں کی بازیابی کیلئے اغواکاروں سے مذاکرات کیے جارہے ہیں۔ دوسری جانب کچے کے علاقے گڑھی تیغو میں چھٹے روز بھی آپریشن جاری ہے۔ امیر سعود مگسی کے تبادلے کے بعدآپریشن کی سربراہی اے ایس پی سید فاضل شاہ کر رہے ہیں۔ اے ایس پی سیدفاضل شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی سے آنیوالے تازہ دم 200 کمانڈوزکی آپریشن میں بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ آپریشن میں ڈرون سے شیلنگ اور جدید اسلحے کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ جبکہ ڈاکوؤں کے فرار ہونے کے راستے بند کر دیئے گئے ہیں۔ سید فاضل شاہ نے بتایا کہ ڈاکوؤں کے 220 سے زائد ٹھکانے تباہ کیے گئے ہیں جبکہ آپریشن کے دوران 12مغویوں میں سے 10 کو بازیاب کروایا جا چکا۔ گزشتہ رات بھی 2 مغویوں کو مقابلے کے بعد بازیاب کروایا گیا تھا۔ کشمور اور سکھر میں بھی کچے کی حدود میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی شکار پور کے مطابق علاقے کو ڈاکوؤں سے کلیئر کرائے جانے تک آپریشن جاری رہے گا۔ دوسری جانب ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے تمن کھوسہ میں لادی گینگ کے خلاف فورسز کا آپریشن جاری ہے۔ لادی گینگ کے خلاف آپریشن میں قبائلی فورس، بارڈر ملٹری پولیس، پنجاب پولیس اور رینجرز اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے جب کہ ڈاکوؤں نے تیسرا مغوی چھوڑ دیا جو اپنے گھر پہنچ چکا ہے۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق دو روز قبل ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے تمن کھوسہ میں لادی گینگ نے تین افراد کو اغوا کیا تھا جس کے بعد خیر محمد نامی مغوی کو فائرنگ کر کے اور محمد رمضان کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا تھا۔ جب کہ تیسرے مغوی خادم حسین کو اپنے ساتھ لے گئے تھے تاہم رات گئے ڈاکوؤں نے تیسرے مغوی کو چھوڑ دیا اور وہ اپنے گھر پہنچ گیا۔ دوسرے روز بھی مشترکہ سرچ آپریشن جاری، سیمنٹ فیکٹری کے عقبی پہاڑی سلسلہ اور قبائلی علاقے کشوبہ میں ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے۔