پاکستان کے ساتھ جڑے رہنا امریکہ کے مفاد میں ہے: وزیر خارجہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور چین دونوں کا دوست ہے۔ پاکستان کے ساتھ جڑے رہنا امریکا کے مفاد میں ہے۔ وزیر خارجہ نے یہ بات غیر ملکی خبر رساں ادارے الجزیرہ کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتیں افغان مسئلے کے مذاکرات کے حل پر متفق ہیں۔ افغانستان میں امن کیلئے کردار ادا کیا اور کر رہے ہیں۔ اسرائیل اور فلسطین کے تنازع پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکی ردعمل سست تھا، بائیڈن انتظامیہ کئی جانیں بچا سکتی تھی۔ غزہ میں اسرائیلی کارروائی بربریت پر مبنی تھی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسرائیل کو پہلی بار ملک کے اندر سے بھی دباؤ کا سامنا رہا۔ اسرائیل جان چکا تھا کہ وہ میڈیا کی جنگ ہار رہا ہے۔ جنگ بندی سے خوشی ہوئی، امید ہے برقرار رہے گی۔ اپنے انٹرویو کے دوران وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ انسانی حقوق پر یقین رکھتا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ، سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہیں۔ پاکستان، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کے مستقل منصفانہ حل کا متمنی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ قیام امن، سلامتی کونسل کی بنیادی ذمہ داری ہے۔