• news

 بجٹ: بھرپور عوامی ریلیف کیلئے آواز بلند کریں گے: پرویز الٰہی 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے گورنر ہاؤس میں ترجمان مسلم لیگ پنجاب ڈاکٹر زین بھٹی نے ملاقات کی۔ ملاقات میںپنجاب میں پارٹی امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کے علاوہ آئندہ بجٹ میں عوامی ریلیف پر بھی گفتگو کی۔ ڈاکٹر زین بھٹی نے پارٹی کی تنظیم سازی کی رپورٹ بھی پیش کی جس پر چودھری پرویزالٰہی نے ہدایت کی کہ گراس روٹ لیول پر پارٹی کو فعال بنانے کیلئے پارٹی رہنما مزید متحرک کردار ادا کریں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ بطور اتحادی آئندہ بجٹ میں بھر پور عوامی ریلیف کیلئے آواز بلند کرے گی اور بجٹ میں عوامی ریلیف کیلئے اپنی سفارشات بھی دے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات کی تیاری کیلئے تمام پارٹی رہنما عوامی رابطہ مہم تیز کریں۔ پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ عوامی فلاح کی سیاست کی ہے اورہمارا دور حکومت ہمیشہ عوامی مفادات کے تحفظ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر زین بھٹی نے کہا کہ آپ کی وزارت اعلیٰ میں پہلی بار کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے ریکارڈ کام کیا گیا۔ دیہی علاقوں میں ریکارڈ ترقیاتی کاموں کو عوام بھولے نہیں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن