• news

مزید ایک نوجوان شہید، 14 گرفتار

سرینگر (این این آئی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع شوپیاں میں تلاشی‘ محاصرے کے دوران ایک اور نوجوان کو شہید کر دیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں میں مزید تیزی کا عندیہ دیا ہے جو ان کے مطابق مہلک کرونا وبا کے باعث بری طرح متاثرہو ئی تھیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دلباغ سنگھ نے ضلع کولگام میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ دنوں میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے گی۔ جبکہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے مختلف علاقوں سے 14 نوجوان گرفتار کر لئے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے عاقب احمد، مفیض احمد، بلال احمد، سجاد احمد، محمد اقبال ، شوکت احمد اور عادل رسول بٹ سمیت جوانوں کو  اسلام آباد اور پلوامہ کے اضلاع سے گرفتار کرلیا۔ دریں اثنا ضلع شوپیاں کے علاقے بمنی پورہ میں بھارتی فورسز اہلکاروں کی طرف سے ایک 28سالہ نوجوان کی گرفتاری کے چند گھنٹوں بعد اسکی والدہ حرکت قبل بند ہوجانے کے سبب وفات پا گئی۔ دوسری جانب سرینگر کے صورہ ہسپتال اور ادھمپور کی ایک کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی ہوئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن