23 سال قبل ایٹمی دھماکے کرکے طاقت کا توازن بحال کیا: ڈی جی آئی ایس پی آر
اسلام آباد (خبرنگار) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم 23 سال قبل مملکت خداداد کو جوہری طاقت بنانے والوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ یوم تکبیر کے موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان نے 23 سال پہلے خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا۔ پاک فوج اور پوری قوم اس خواب کو حقیقت میں بدلنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ پاکستان نے 1998ء میں کم ازکم جوہری طاقت کا مظاہرہ کیا تھا۔ یاد رہے کہ 1998ء میں 11 اور 13 مئی کو بھارت نے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کی سلامتی خطرے میں ڈال دی تھی۔ بھارتی حکمران طاقت کے زعم میں پاکستان پر حملے کی مسلسل دھمکیاں دے رہے تھے۔ تاہم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی سربراہی میں مایہ ناز ایٹمی سائنس دانوں نے 28 مئی کو جوہری دھماکے کر کے بھارتی برتری خاک میں ملا دی اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔