جولائی سے مہنگائی میں کمی آنا شروع ہوجائے گی، وزیر خزانہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ جولائی سے مہنگائی میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔ وزیرخزانہ شوکت ترین نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ گندم، دالیں درآمد کرنے کی وجہ سے اشیاء کی قیمتیں زیادہ ہیں۔ مہنگائی کی ایک وجہ کسان اور ہول سیل مارکیٹ میں قیمتوں کا فرق بھی ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں فوڈ آئٹمز کی قیمتوں میں کمی کا اثر پاکستان میں بھی آئے گا۔ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ حکومت آئندہ بجٹ پر نئے ٹیکسز لگانے کا ارادہ نہیں رکھتی بلکہ حکومت ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹیکس بیس بڑھائے گی۔ آئی ایم ایف سے ہماری گفتگوجاری ہے۔ سٹیٹ بنک اور آئی ایم ایف سے کہا ہم آپ کا ہدف پورا کریں گے، لیکن ٹیکس پر ٹیکس نہیں لگائیں گے۔اس وقت وہ چیز کریں گے جو ہمارے مفاد میں ہے۔ میری کوشش ہے کہ کوئی بھی زیادہ ٹیکس نہ دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرونا کی صورتحال نے ٹیکس وصولیوں کو متاثر کیا ہے۔