• news

اقوام متحدہ میں اسرائیل کیخلاف قرارداد کی منظوری، پاکستان کا خیر مقدم

اسلام آباد (نیٹ نیوز) پاکستان نے اسرائیل کی بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (ایچ آر سی) کی جانب سے او آئی سی کی زیر قیادت قرارداد کو منظور کرنے کا خیرمقدم کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے جمعہ کو کہا ہے کہ انسانی حقوق  کی پامالیوں کی تحقیقات کے لئے ایچ آر سی کا خصوصی اجلاس اور ایک بین الاقوامی کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ عدم استحکام اور ناانصافی کے خاتمے اور با معنی احتساب کا عمل شروع کرنے کے عالمی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی میں شامل بشانہ ہے اور بین الاقوامی قوانین کے ساتھ ساتھ فلسطین کے عوام کے حقوق اور وقار کے احترام کو یقینی بنانے کے لئے اس قرارداد پر موثر عمل درآمد کے لئے عالمی برادری کی توقعات میں بھی شریک ہے۔ دریں اثناء وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا  کہ پاکستان اقوام متحدہ کی جانب سے فلسطین میں اسرائیلیوں کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کی تفتیش کا خیر مقدم کرتا ہے۔ بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیو یارک اور جنیوا میں موجود پاکستانی مشنز کے کردار کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انسانی حقوق کی کونسل خطے میں بھی انسانی حقوق کی پامالیوں کی تفتیش کرے۔  واضع رہے پاکستان نے یہ قرارداد او آئی سی کی زیر قیادت پیش کی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن