مسئلہ کشمیر‘ صدر جنرل اسمبلی کا بیان بھارت کو مرچیں لگ گئیں
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکان بوزکر کی جانب سے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے دیئے گئے بیان پر بھارت کو مرچیں لگ گئیں۔ وولکان بوزکر نے وزیر خارجہ شاہ محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ یہ پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر مؤثر انداز میں اٹھائے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان اریندن باگچی نے اس پریس کانفرنس پراپنے ردعمل میں کہا کہ بھارت نے بوزکر کے بیان کی 'شدید مخالفت کا اظہار کیا ہے'۔ ان کا کہنا تھا کہ 'ان کا یہ بیان کہ مسئلہ کو اقوام متحدہ میں شدت کے ساتھ اٹھانا پاکستان کی ذمہ داری ہے، ناقابل قبول ہے۔ صدر جنرل اسمبلی نے تمام فریقین سے جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا تھا کہ مسئلے کا حل اقوام متحدہ کے چارٹر اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق نکالاجائے۔