• news

پنجاب سندھ کے بیرا جوں پر غیر جانبدار مبصرین تعینات کئے جائیں،عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پانی کی صورتحال پر پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں پنجاب پرزور سفارش کرتا ہے کہ دونوں صوبوں (سندھ اور پنجاب) کے بیراجوں پر غیر جانبدار مبصرین تعینات کئے جائیں۔ غیر جانبدار مبصرین کی تعیناتی سے پانی کے اخراج کا درست ڈیٹا حاصل ہو سکے گا۔ منصفانہ طور پر صوبوں کے مابین تقسیم میں معاون ہوگا اور صوبوں کے مابین پانی کے مسئلے پر پائی جانے والی غلط فہمیوں کو بھی دور کرنے میں مدد دے گا۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملک بھر خصوصاً سندھ کے پارلیمنٹرین کو پنجاب کے بیراجوں کے دورے کی دعوت بھی دی ہے اور کہا ہے کہ ملک بھر خصوصاً سندھ کے پارلیمنٹرین پنجاب آکر پنجاب کے بیراجوں کا دورہ کریں تاکہ وہ صوبے میں اس وقت پائی جانے والی پانی کی کمی اور صوبے میں پانی کی تقسیم اور پانی کے اخراج کے ڈیٹا کی رپورٹنگ کے نظام کا اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کریں۔ میری یہ بھی خواہش ہے کہ سندھ بھی ہمارے پارلیمنٹرین کو اپنے بیراجوں کے دورے کی دعوت دے تاکہ ہمارے پارلیمنٹرین بھی سندھ کے بیراجوں کی صورتحال، ان کی پانی کی تقسیم اور رپورٹنگ کے نظام کو قریب سے دیکھ سکیں۔ اگر ہم نے اس مسئلے کا حل نکالنا ہے تو ہمیں اپنے گرد دیواریں کھڑی کرنے کی بجائے ان دیواروں کو گرانا ہو گا۔ میں پنجاب کے کسانوں کو یقین دلاتا ہوں کہ میں پانی کے حوالے سے آپ کی مشکلات دور کروں گا اور میں اس ضمن میں جلد اپنے کسان بھائیوں کے پاس خود جاؤں گا۔ حکومت ایسے اقدامات کر رہی ہے جس سے کسانوں کی فصل اور ان کی بوائی متاثر نہ ہو۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پسرور کے تھانہ قلعہ کالر والا کی حدود میں زیادتی کے بعد بچی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی اوگوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ ملزمان کو فی الفور قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے اورمتاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن