ایل پی جی 20روپے کلو مہنگی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال
اسلام آباد( نوائے وقت رپورٹ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردی گئی۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے سمری یکم جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیلئے بھیجی ہے۔ذرائع کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 30 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز جبکہ پٹرول اور مٹی کے تیل کی قیمت میں معمولی اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے لائٹ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھے جانے کی تجویز ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد آج کرے گی ۔ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز نے گیس کی قیمت بڑھا دی۔ اوگرا کی منظوری کے بغیر گیس مہنگی کی گئی۔ ایل پی جی 20 روپے فی کلو مہنگی کر دی گئی۔ ایل پی جی 90 سے بڑھ کر 110 روپے فی کلو ہو گئی۔ گھریلو سلنڈر 200 روپے اور کمرشل سلنڈر 900 روپے مہنگا ہو گیا۔ گھریلو سلنڈر 1062 کے بجائے 1298 روپے میں فروخت ہو گا۔ کمرشل سلنڈر 4086 روپے سے بڑھ کر 4994 روپے کا ہو گا۔