پاکستانیوں کیلئے10سال بعد کویت کا ویزا بحال
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کویت کے وزیراعظم شیخ صباح خالدالحامد الصباح سے ملاقات، دس سال بعد پاکستانی شہریوں کیلئے کویت کا ویزہ بحال کر دیا گیا۔ اس ملاقات میںکویت کے وزیر داخلہ اور پاکستانی سفیر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاک - کویت دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پروزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کویتی وزیر اعظم سے ویزا بحالی پر بات چیت کی اور کویتی وزیراعظم کو وزیراعظم عمران خان کا خصوصی مراسلہ بھی پیش کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کویت کے وزیراعظم شیخ صباح خالدالحامد الصباح نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات سات دہائیوں پر محیط ہیں۔ پاکستان اور کویت کے عوام کے درمیان پیار اور اعتماد کا رشتہ ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں۔ تمام پاکستانی کویت کو اپنا دوسرا گھرسمجھتے ہیں۔ پاکستانی خاندانوں اور کاروباری طبقے کو کویتی ویزا بندش سے بے پناہ مسائل درپیش تھے۔ پاکستانی لیبر کا کویت کی اولین ترقی میں بہت اہم کردار ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ورکرز ویزا بحال ہونے سے پاکستانیوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔کویتی وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ رشید احمد ملاقات میں اہم فیصلے کیے گئے ان میں 2011 سے بند پاکستانی شہریوں کے لئے کویتی ویزے بحال کردیے گئے۔ پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزا فوری بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزا جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، میڈیکل اور آئل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزا پر بھی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانی آن لائن ویزا لے کر اب کویت آ سکیں گے۔