گرمی آتے ہی لوڈشیڈنگ، جینا محال، جھٹکوں سے الیکٹرونکس اشیاء جلنے لگیں
کوٹ رادھا کشن‘ ننکانہ صاحب‘ جہلم‘ سید والا‘ چناب نگر‘ پتوکی‘ جڑانوالہ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ صفدر آباد (نامہ نگاران + نمائندگان) گرمی آتے ہی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ سے لوگوں کا جینا محال ہو گیا۔ کئی علاقوں میں بجلی کے جھٹکوں سے الیکٹرانکس کی اشیاء جلنے لگی ہیں۔ صارفین نے صورتحال پر احتجاج کرتے ہوئے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ چناب نگر سے نمائندہ خصوصی کے مطابق چناب نگر اور اس کے نواحی دیہات میں گرمیوں کی آمد کے ساتھ ہی فیسکو حکام کی طرف سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا۔ وولٹیج 150سے 170تک کی روٹین چل رہی ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ چنگڑانوالہ کالووال علاء الدین وال رتہ پور باہیوال کریم پور ودیگر دیہات میں قیمتی اشیاء جلنا معمول بن گیا۔ کوٹ رادھاکشن سے نمائندہ خصوصی کے مطابق کوٹ رادھا کشن گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی شہر اور گردونواح میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ لیسکو اہلکار اپنے لائن لاسز کو کم کرنے کے لیے مہینے کی آخری تاریخوں کو جبری لوڈشیڈنگ کا سہارا لیتے ہیں تاکہ بجلی چوری کو چھپایا جا سکے۔ شہریوں کا الزام۔ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ 8 گھنٹے سے تجاوز کر گیا ہے اور شدید گرمی میں لوگ واپڈا والوں کو بددعائیں دینے لگے ہیں۔ ایس ڈی او ٹو سب ڈویژن نے کہا کہ یہ فورس لوڈشیڈنگ ہے۔ پتوکی سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی پتوکی شہر اور گردونواح میں لیسکو کی جانب سے 8 سے 10 گھنٹے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا جس سے نظام زندگی تعطل کا شکار ہو گیا۔ دوسری جانب شہر بھر میں مختلف مقامات پر ٹرانسفارمرز خراب ہونا بھی معمول بن گیا جس پر تاجروں نے احتجاج کیا ہے۔ سیدوالا سے نامہ نگار کے مطابق سیدوالا اور گردو نواح میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کی کمی و بیشی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بغیر اطلاع کئی کئی گھنٹے بجلی کو بند رکھا جاتا ہے۔ بار بار جھٹکوں اور وولٹیج کی کمی و بیشی سے لاکھوں روپے مالیت کی گھریلو الیکٹرونکس جل کر نارہ ہو گئی ہیں۔ جڑانوالہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق جڑانوالہ میں بے جا لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ گرمی و حبس سے بچوں‘ بوڑھے ‘ خواتین کا برا حال‘ مساجد میں پانی ختم‘ لوگوں کو رات گئے ہونے والی بجلی کی بندش سے مشکلات کا سامنا ہے۔ آئے روز بجلی کی بندش سے گرمی کے ستائے ہوئے شہری بلبلا اٹھے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر اور گردو نواح کے علاقوں میں بھی بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ ہو گیا۔ ہر ایک گھنٹہ کے بعد گھنٹہ بجلی بند رہتی ہے۔ شہری حلقے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر سراپا احتجاج ہیں۔ صفدر آباد سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف انجمن تاجراں صفدر آباد نے میلاد چوک میں بھرپور احتجاج کیا۔ احتجاج میں انجمن کریانہ‘ انجمن پان ایسوسی ایشن‘ انجمن ڈسٹری بیوٹرز نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے لیسکو کے خلاف پلے کارڈ اٹھا کر نعرے بازی کی۔ صفدر آباد میں گزشتہ کئی روز سے بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 سے 10 گھنٹے تک پہنچ چکا ہے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردو نواح میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ کاروبار زندگی بری طرح مفلوج ہو کر رہ گئے۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ ان کے کاروبار تباہ ہو چکے ہیں۔ جہلم سے نامہ نگار کے مطابق جہلم شہر سمیت مختلف علاقے جن میں نئی آبادی محلہ کریم پورہ میں پچھلے کئی روز سے بجلی کی غیراعلانیہ بندش سمیت ٹرپنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں کی قیمتی الیکٹرونکس مصنوعات جلنے لگیں۔ وقفے وقفے سے بجلی کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔