حکمرانوں کے روز سکینڈل آئیں تو عوام کیلئے روٹی مہنگی ہی ہوگی: شہباز شریف
لاہور ( خصوصی رپورٹر) شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو معیشت اور عوام کی تکالیف کا کوئی علم ہی نہیں، عوام بھوکے اور بیروزگار ہیں، حکمران سب اچھا ہے کی بے حسی کی رپورٹ دے رہے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، آج ملک کو اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے بحران کا سامنا ہے۔ عوام کو آٹا، گندم، چینی، سبزیاں، خوردنی تیل، دودھ، ادویات کی قلت کا سامنا ہے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں۔ حکمرانوں کے روز کرپشن سکینڈلز آئیں گے تو عوام کی روٹی روزانہ مہنگی ہی ہوگی۔ آٹے کی قیمت میں 57 روپے کلو اضافہ ہوا، یہ 73 فیصد اضافہ ہے۔ 85 فیصد اضافے کے ساتھ چینی کی قیمت 120 اور 130 تک پہنچ گئی۔ دودھ کی قیمت میں 31 فیصد اضافہ، فی لٹر 108 روپے سے زائد فروخت ہو رہا ہے۔ عوام کی بنیادی ضرورت کی یہ اشیاء انتہائی مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔ اضافی گندم پیدا کرنے والے ملک میں آٹے کی فراہمی کو جو حکومت یقینی نہ بنا سکے اس کی کرپشن اور نااہلی کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہو سکتا ہے۔شہباز شریف سے لاہور میں ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی۔ حمزہ شہباز بھی موجود تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوامی مشکلات کی ترجمانی اور ان کے حقوق کا تحفظ ہمارا فرض ہے۔ پارٹی ارکان عوام دشمن بجٹ روکنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ عوام بدترین غربت کے دور سے گزر رہے ہیں۔ مسائل کو بھرپور اجاگر کیا جائے۔ معاشی اعداد و شمار کے حکومتی ہیر پھیر سے عوام کو دھوکا نہیں دیا جا سکتا۔ ملک مسائل کی دلدل میں دھنستا جا رہا ہے‘ حکمرانوں کو کوئی فکر نہیں۔