’’خدمت آپ کی دہلیز پر‘‘عثمان بزدار نے عوامی سہولت کے بڑے پروگرام کاافتتاح کردیا
لاہور (نیوز رپورٹر) بزدار حکومت نے عوام کو دہلیز پر سہولتیں دینے کیلئے بڑا پروگرام لانچ کر دیا ہے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے ’’خدمت آپ کی دہلیز پر‘‘ پروگرام کا باضابطہ اور خدمت ایپلی کیشن کا بھی افتتاح کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری، کمشنر لاہور ڈویژن اور سیکرٹری بلدیات نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ’’خدمت آپ کی دہلیز پر‘‘ پروگرام کے اہم خد و خال کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’’خدمت آپ کی دہلیز پر‘‘ عوام کی خدمت کیلئے شاندار پروگرام ہے۔ اس پروگرام سے نچلی سطح پر سروس ڈلیوری میں بہتری آئے گی اور عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولتیں ملیں گی۔ یہ صرف ایک پروگرام نہیں بلکہ گورننس کا منفرد ماڈل ہے جس سے صوبے کی عوام کا فائدہ ہوگا۔ ’’خدمت آپ کی دہلیز پر‘‘ پروگرام ابتدائی طورپر 3 ہفتوں پر مشتمل ہوگا۔ پہلے ہفتے میں گلیوں، بازاروں اور محلوں کو صاف کیا جائے گا۔ سڑکوں کے کناروں سے تعمیراتی مٹیریل اٹھایا جائے گا۔ درختوں اور کھمبوں سے لٹکے ہوئے بینرز اور وال چاکنگ ختم کی جائے گی اور خراب سٹریٹ لائٹس کو ٹھیک کیاجائے گا۔ دوسرے ہفتے میں فراہمی و نکاسی آب کی سہولتوں میں بہتری لانے پر توجہ دی جائے گی۔ سیوریج پائپ صاف کئے جائیں گے اور کھلے مین ہول پر ڈھکن نصب کئے جائیں گے جبکہ تیسرے ہفتے میں سرکاری دفاتر، سکولوں اور دیگر عمارتوں پر رنگ و روغن اور صفائی ہوگی۔ پارکس،گرین بیلٹس، راؤنڈ اباؤٹ اور چوکوں کی بیوٹیفکیشن پر توجہ دی جائے گی اور دیہی و بنیادی مراکز صحت کو صاف ستھرا کیا جائے گا۔ پروگرام میں سول سوسائٹی، مقامی افراد اور ٹائیگر فورس کو شریک کیا جائے گا۔ عوام سے براہ راست فیڈ بیک لیا جائے گا اور فیلڈ سرگرمیوں کی ایپ کے ذریعے پروگرام کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ کارکردگی کے لحاظ سے اضلاع کی درجہ بندی ہوگی۔ عوام کی خدمت پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا بنیادی جزو ہے حکومت پنجاب اپنے اس فرض سے غافل نہیں۔ تمام سروسز کو عوام کی دہلیز پر لے جا رہی ہے۔ پروگرام سے عوام کو یہ احساس دلانا ہے کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ عثمان بزدار نے ایم پی اے خوش اختر سبحانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔