الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ نے فلسطین ریلیف فنڈ کے لئے ایک کروڑ روپے کا دوسرا چیک دے دیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ ٹرسٹ کی جانب سے الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت فلسطین میں جاری ریلیف آپریشن کے لئے 1 کروڑ روپے کا دوسرا چیک پیش کر دیا گیا۔ وومن ونگ ٹرسٹ کے وفد نے الخدمت کمپلیکش لاہور میں صدر عبدالشکور کو امدادی رقم کا چیک پیش کیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر خبیب بلال اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ محمد عبدالشکور نے الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ ٹرسٹ کی صدر نویدہ انیس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہماری بہنیں خدمت خلق کے میدان میں بھی کسی سے پیچھے نہیں۔ مشکل کی ہر گھڑی میں الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ نے ہمارے شانہ بشانہ بڑھ چڑھ کر کام کیا ہے۔ مصیبت میں گھرے اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کے لئے وومن ونگ ٹرسٹ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں وسیع پیمانے پر تباہی کے باعث ابھی بھی ایک بڑے ریلیف آریشن کی ضرورت ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ ٹرسٹ کی صدر نویدہ انیس نے اس حوالے سے بتایا کہ اس سے پہلے بھی وومن ونگ ٹرسٹ نے ایمرجنسی ریلیف، خوراک اور ادویات کے لئے ایک کروڑ روپے فلسطین ریلیف فنڈ میں جمع کروائے ہیں۔