پانی پر پنجاب سندھ محاذ آر آئی افسوسناک،غیر ذمہ داری خطر ناک ہو سکتی ہے،شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پانی کی تقسیم پر اختلافات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پانی کے مسئلے پر سندھ اور پنجاب میں محاذ آرائی افسوسناک ہے۔ پانی کی تقسیم حساس معاملہ ہے جس میں غیر ذمہ داری خطرناک ہو سکتی ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور ارسا اپنے فرائض ادا کرنے میں ناکام نظر آرہے ہیں۔ سندھ کے شہروں میں پانی کی کمی پر مظاہرے نیک فال نہیں۔ عمران خان نیازی وفاقی اکائیوں کے اتحاد اور ملکی سلامتی کو دائو پر نہ لگائیں۔ دریں اثناء شہباز شریف نے کوئٹہ اور تربت میں ایف سی پر دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارض وطن کی سلامتی پر قربان ہوجانے والے بیٹوں پر فخر ہے۔ قائد حزب اختلاف نے ایف سی کے شہدا کو خراج عقیدت، شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی کے بڑھتے واقعات باعث تشویش ہیں۔ امن وامان کی موجودہ صورتحال سنجیدگی سے غور کا تقاضا کررہی ہے۔ شہبازشریف نے ایف سی کے زخمی جوانوں کے جذبے کی تحسین، جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہداء کو بلند مرتبہ اور لواحقین کو صبرجمیل دے۔