مہنگائی کیساتھ قوت خرید بھی بڑھی‘ تنخواہ دار طبقہ کو ریلیف دینگے: فواد چودھری
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو بڑا ریلیف ملے گا۔ ہمارے ہاں مہنگائی میں اضافہ تو ہوا ہے لیکن قوت خرید میں اضافہ بھی اسی شرح سے ہو رہا ہے جو خوش آئند ہے۔ امید ہے کہ دو سالوں میں عمران خان کی قیادت میں ملک منزل کے قریب ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا اچھی خبروں کا سلسلہ جاری ہے۔ کویت نے 10سال بعد پاکستان کیلئے ورک ویزا کا اجراء شروع کر دیا ہے۔ کرونا فرنٹ پر پاکستان کی ریکوری نے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ بھارت سمیت خطے کے دیگر ممالک اس موذی مرض سے نبرد آزما ہیں۔ ہمارے ہاں کراچی کے علاوہ تمام ملک میں کرونا کی شرح 4 فیصد سے بھی کم ہو گئی ہے۔