• news

استعفوں،آرپار،لانگ مارچ کی سیاست اپنی موت آپ مر چکی،عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے  معاون خصو صی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی اور محکمہ اطلاعات صوصاً ڈی جی پی آر میں اصلاحات کے حوالے سے وزیراعلیٰ کو بریف کیا۔ عثمان بزدار نے فلاح عامہ اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے حکومتی اقدامات کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں جو پائیدار کام کیے ہیں ان کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ مختصرمدت میں عوام کو ریلیف دیا ہے اور ان کیلئے آسانیاں پیدا کی ہیں۔ سابق د ور میں نمائشی منصوبوں پر شو بازی کی گئی لیکن ہم نے اس غلط کلچرکا خاتمہ کیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کا غیر فطری اتحاد پی ڈی ایم اپنے بوجھ تلے دب کر دم توڑ چکا ہے۔ اپوزیشن مخالفت برائے مخالفت کر کے قومی مفادات کو داؤ پر لگا رہی ہے۔ پی ڈی ایم بے سمت اوربے ربط ا کٹھ ہے، جس کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں۔ بجٹ میں صوبے کے عوام کو مزید سہولتیں دیںگے۔ ہمارا بجٹ عوام دوست، کسان دوست، صنعت کار دوست اور ملازم دوست ہوگا۔ قوم کو عمران خان کی شفاف قیادت پر پورا اعتماد ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اس موقع پر کہا کہ پی ڈی ایم کے سیاسی یتیم گھر کے رہے نہ گھاٹ کے۔ حکومت کو ہٹانے کے دعوے کرنے والے اب خود غیر فطری اتحاد سے ہٹ چکے ہیں۔  پاکستان کو نوچ کر کھانے والوں کو کو ئی شرم ہے نہ حیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پائیدار معاشی ترقی کے اعدادوشمار پراپوزیشن کاٹولہ منافقت سے کام لے رہا ہے۔ سٹاک مارکیٹ سمیت معیشت کے دیگر شعبوں میں بہتری آئی ہے۔ حکومتی اقدامات کے باعث اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہورہی ہے۔ صنعت کا پہیہ چل رہا ہے اور زرعی شعبہ میں نمایاں گروتھ ہے۔ معیشت کی اے بی سی سے ناواقف اپوزیشن صرف پوائنٹ سکورنگ میں لگی ہوئی ہے۔ یہ ٹولہ صرف پاکستان کی ترقی کو روکنے کے درپے ہے۔ ایسے وقت اپوزیشن کی جانب سے احتجاجی سیاست کرنا پاکستانی عوام سے دشمنی کے مترادف ہے۔منفی سیاست کرنے والے یاد رکھیں کہ ان کی آر پار ،استعفوں اورلانگ مارچ کی سیاست اپنی موت آپ مرچکی ہے۔اب یہ عناصر معیشت کی ترقی پر پریشان نظر آتے ہیں۔ عثمان بزدار سے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے ملاقات کی، جس میںباہمی دلچسپی کے امور،بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اوردکھی انسانیت کی خدمت کے لئے اقدامات پربات چیت کی گئی۔مولانا طارق جمیل نے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارکی قیادت میں پنجاب حکومت کے دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ مولانا طارق جمیل نے خصوصی دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو مزید کامیابیاں عطا فرمائے۔ دکھی انسانیت کی خدمت میں ہی سکون اور اطمینان ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت عام آدمی کی فلاح وبہبودپرپوری طرح فوکس ہے ۔آج تک کسی مخالف کے ساتھ بھی انتقامی کارروائی نہیں کی۔میرا اورمیری حکومت کا مشن دکھی انسانیت کی خدمت ہے۔ وزیراعلیٰ نے آندھی وبارشوں کے باعث انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کی جائے۔ عثمان بزدار نے بارشوں اورآندھی کے باعث مختلف شہروں میںچھتیں گرنے اور دیگرحادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار نے کوئٹہ اور تربت میں ایف سی اہلکاروں پر دہشت گردوں کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن