عوام کیلئے دو وقت کی روٹی ناممکن حکومت غلط اعدادوشمار دھوکا دے رہی شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) شہبازشریف نے کہا کہ حکومت غلط اعداد و شمار دے کر عوام کو دھوکے پر دھوکا دے رہی ہے۔ مئی میں مہنگائی 17 فیصد اور اپریل میں 21 فیصد کی بلند ترین سطح پر رہی۔ یہ ہے عوامی حقیقت۔ اتنی زبردست مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ بھوک اور افلاس نے غریبوں کے گھروں میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ آٹا، دالیں، سبزی، گوشت، خوردنی تیل، بجلی، گیس سمیت تمام اشیائے ضروریہ بلند ترین سطح پر ہیں۔ اس مہنگائی سے عام لوگ، مڈل کلاس پس کر رہ گئی ہے۔ دودھ، چینی اور آٹا ہر مزدور کی روز کی ضرورت ہے جن کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔ آمدن میں کمی نے عوام کی دو وقت کی روٹی ناممکن بنا دی۔ ان کا جینا دوبھر ہوچکا ہے۔ ایک سال میں غریب عوام کے بجلی کے بلوں میں 60 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔ تمام صارفین کے بجلی کے بلوں میں ایک سال میں 21 فیصد اضافہ ہوا۔ حکومت کی پالیسیوں اور نااہلی کے سبب مہنگائی کا سونامی معاشرے کو بے رحمی سے نگل رہا ہے۔ مافیاز کے پیٹ بھرنے والی حکومت نے 5 کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے دھکیل دئیے۔ عوام کی بدترین غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کا کلنک عمران خان نیازی کے ماتھے پر لگ چکا ہے۔