معیشت کا بیڑا غرق‘ حکومت غلط اعدادوشمار سے دھوکہ دے رہی: حمزہ
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز نے (ن) لیگی رکن پنجاب اسمبلی خوش اختر سبحانی کے انتقال پر ان کے لواحقین سے ان کے گھر سیالکوٹ پسرور میں ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کیلئے فاتحہ خوانی کی ان کے لئے مغفرت اور درجات کی بلندی اور لواحقین کے صبر جمیل کے لئے بھی دعا کی۔ بعد ازاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نا اہل حکمرانوں نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے۔ مئی اور اپریل میں مہنگائی 21 فیصد کی بلند ترین سطح پر رہی۔ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ بھوک اور افلاس نے غریبوں کے گھروں میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ آٹا، دالیں، سبزی، گوشت، خوردنی تیل، بجلی گیس سمیت تمام اشیائے ضروریہ عام آدمی کی قوت خرید سے باہر ہیں۔ حکومت غلط اعدادوشمار دیکر عوام کو دھوکہ پہ دھوکہ دے رہی ہے۔ غلط اعدادو شمار دیکر عوام سے جھوٹ بولا جا رہا ہے۔ غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عوام بدحال ہیں۔