کوئی فورس تنہا کامیاب نہیں ہوسکتی نیول چیف
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ دنیا میں کوئی فورس آج کے جنگی ماحول میں تنہا کامیاب نہیں ہو سکتی ہے۔ جدید ملٹری آپریشن کے نظریے میں اشراکیت مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ سکیورٹی کے پیچیدہ حالات سے نمٹنے کیلئے خود کو ہر وقت تیار رکھنا ہو گا۔ بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل امجد خان نیازی نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ کا استقبال کمانڈنٹ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج نے کیا۔ سربراہ پاک بحریہ نے ملکی دفاع میں پاک افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ایڈمرل امجد خان نیازی نے خطاب میں کہا کہ افسران چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے جدید رجحانات سے آگاہ رہیں اور سکیورٹی کے پیچیدہ حالات سے نمٹنے کیلئے خود کو تیار رکھیں۔ پاک بحریہ میری ٹائم سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایڈمرل امجد خان نیازی نے کالج فیکلٹی اور طلباء کے مختلف سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔