چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بہترین حکمت عملی کی ضرورت: جنرل ندیم رضا
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ موجودہ دور غیر اعلانیہ، نہ دکھائی دینے والی ہائبرڈ نوعیت کی جنگ کا ہے۔ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مربوط جوابی حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وہاں نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کو مختلف نوعیت کے چیلنجز کا سامنا ہے، ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مربوط جوابی حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا خود کار اور نیم خود کار ہتھیاروں کا دور دیکھ رہی ہے۔ موجودہ دور میں لڑی جانے والی جنگ غیر اعلانیہ، نہ دکھنے والی ہائبرڈ نوعیت کی ہے۔ جنرل ندیم رضا نے افسران کو پیشہ ورانہ مہارتیں نکھارنے کیلئے کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افسران جدید رجحانات اور نئی پیشرفت کے مطابق خود کو تیار کریں۔