ہمیشہ غریبوں ‘دکھی انسانوںکی امداد شعار بنائیں : چیف جسٹس ہائیکورٹ
لاہور( اپنے نامہ نگار سے )سول سروسز اکیڈمی پی اے ایس کیمپس لاہور میں زیرِ تربیت 44ویں کامن کے ایڈمنسٹریٹو سروسز سے تعلق رکھنے والے 40 آفیسرز کے وفد نے لاہور ہائیکورٹ کا دورہ کیا۔ وفد نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان اور سینئر ترین جج جسٹس محمد امیر بھٹی سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت پاکستان سول سروسز اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل کررہے تھے جبکہ وفد میں اکیڈمی کے ڈائریکٹراور فیکلٹی ممبرملک اویس خالد ایڈووکیٹ بھی شامل تھے۔ ملاقات میں سیکرٹری ٹو چیف جسٹس ملک جاوید اقبال بھی موجود تھے۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان نے وفد میں شامل ارکان سے مختلف سماجی و معاشرتی مسائل اور انکے حل پر گفتگو کی۔ چیف جسٹس محمد قاسم خان نے شرکاء سے کہا کہ ہمارا اولین مقصد عوام کی خدمت ہے۔ ہمیشہ غریبوں اور دکھی انسانوں کے دکھوں کے مداوا کو اپنا شعار بنائیں، یہ ڈیوٹی کیساتھ ساتھ بہترین اجرعظیم کا ذریعہ بھی ہے۔